Tuesday , June 27 2017
Home / دنیا / ڈاکٹر مورتی کی برطرفی سے ہندنژاد امریکی ڈاکٹروں کو صدمہ

ڈاکٹر مورتی کی برطرفی سے ہندنژاد امریکی ڈاکٹروں کو صدمہ

واشنگٹن ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی ایک اعلیٰ سطحی مجلس نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے فزیشین وویک مورتی کو بطور یو ایس سرجن جنرل برطرف کئے جانے پر انتہائی صدمہ اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ 39 سالہ مورتی پہلے ہندوستانی نژاد امریکی ہیں جنہیں سابق صدر بارک اوباما نے سرجن جنرل کے عہدہ پر مقرر کیا تھا۔ گذشتہ ہفتہ انہیں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے برطرف کردیا گیا تاکہ صحت کے شعبہ میں نئی قیادت کو متعارف کیا جاسکے۔ دریں اثناء امریکن اسوسی ایشن آف فزیشینس آف انڈین اوریجن (AAPI) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرمورتی کی برطرفی ایک انتہائی مایوس کن اور صدمہ انگیز فیصلہ ہے۔ ڈاکٹر مورتی کو سرجن جنرل سابق اوباما انتظامیہ نے مقرر کیا تھا جس کی بعدازاں سینیٹ نے بھی توثیق کی تھی۔ اس موقع پر AAPI کے صدر اجے لودھا نے کہا کہ آپی کی جانب سے وہ ڈاکٹر وویک کی خدمات کی ستائش کرنا چاہتے ہیں۔ ہیلتھ کیئر شعبہ میں انہوں نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ 2014ء میں انہیں سرجن جنرل مقرر کیا گیا تھا اور صرف دو سال کے قلیل عرصہ میں انہوں نے بہترین کارکردگی دکھائی تھی۔

 

کینیا میں بس ۔ ٹینکر تصادم
24 افراد ہلاک
مومباسا(کینیا) 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کینیا کی راجدھانی نیروبی اور ساحلی شہر مومباسا کو جوڑنے والی اہم شاہراہ پر کل رات گئے ایک مسافر بس اور ایک ٹینکر کے درمیان تصادم ہونے سے 24 افراد ہلاک ہوگئے ۔ پولیس افسر لیونارڈ کیمیو نے آج ٹیلی فون پر رائٹر کو بتایا کہ یہ حادثہ کبویزی علاقے میں پیش آیا۔ بس ڈرائیور اوورٹیک کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران مخالف سمت سے آ رہے ٹینکر سے بس کی ٹکر ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ 20 افراد اور تین بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک شخص نے ہاسپٹل کے راستے میں دم توڑ دیا۔انہوں نے بتایا کہ بس نیروبی سے مومباسا آ رہی تھی۔حادثے میں 19 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہاسپٹل میں داخل کرادیا گیا ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT