Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم میں معذورین کیلئے کوٹہ مختص کرنے کا اعلان

ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم میں معذورین کیلئے کوٹہ مختص کرنے کا اعلان

تلنگانہ بھون میں معذورین تنظیموں کا اجلاس، کے کویتا ایم پی ٹی آر ایس کا خطاب
حیدرآباد۔/16جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا نے اعلان کیا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم میں معذورین کیلئے 3فیصد کوٹہ مقرر کیا جائے گا۔ تلنگانہ بھون میں معذورین کی مختلف تنظیموں کی جانب سے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کے اعلان کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تمام طبقات کی ترقی اور بھلائی کے حق میں ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر معذورین کی بھلائی کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ مرکزی حکومت نے معذورین کی بہبود کو یکسر نظرانداز کردیاہے اور دیگر طبقات کے بارے میں بھی کئے گئے وعدے تکمیل کے مرحلہ میں ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے ساتھ مرکز کے معاندانہ رویہ کی شکایت کی اور کہا کہ خصوصی فنڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں مرکز نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوقائم شدہ ریاست تلنگانہ کیلئے مرکز کو خصوصی پیاکیج کے اعلان کیلئے بارہا نمائندگی کی گئی لیکن ابھی تک تلنگانہ کی ترقی پر مرکز نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں بی جے پی کو عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ بی جے پی نے مرکز سے فنڈز کے حصول کیلئے کوئی مساعی نہیں کی۔ کویتا نے معذورین کی تنظیموں کی جانب سے ٹی آر ایس کی تائید کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر انتخابات میں عوام سے ووٹ کی اپیل کرنے والے بی جے پی قائدین کو پہلے اس بات کی وضاحت کرنی ہوگی کہ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے مرکز سے کیا حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور شہر کی ترقی کیلئے کے سی آر نے جن ترقیاتی پراجکٹس کا آغاز کیا ہے اس سے حیدرآباد کا شمار ملک کے ترقیافتہ شہروں میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کو شہر کی ترقی سے خصوصی دلچسپی ہے۔ غریبوں کیلئے مختلف فلاحی اسکیمات کا آغاز اور برقی اور آبرسانی کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ٹھوس منصوبہ کی تیاری اس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں حیدرآباد مثالی ترقی کرلے گا اور عوام کے معیار زندگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ شہر میں ٹریفک مسائل سے نمٹنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں امن و ضبط کی بہتر صورتحال اور جرائم کی شرح میں کمی کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں اور استفادہ کے سلسلہ میں شعور بیدار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں مختلف طبقات بشمول معذورین کیلئے جو وعدے کئے گئے تھے ان پر من و عن عمل آوری کی جائے گی۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ ہونے والے تقررات میں معذورین کو 3 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT