Tuesday , April 25 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر پر بہر صورت عمل ، غریب خاندانوں کو شبہ کی گنجائش نہیں

ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر پر بہر صورت عمل ، غریب خاندانوں کو شبہ کی گنجائش نہیں

70 ہزار مکانات کے لیے ٹنڈرس کی طلبی ، وزیر امکنہ اندرا کرن ریڈی کا اسمبلی میں تیقن
حیدرآباد ۔ 15۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر امکنہ اندرا کرن ریڈی نے اسمبلی کو یقین دلایا کہ حکومت ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے وعدہ پر بہرصورت عمل کرے گی۔ لہذا غریب خاندانوں کو شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے ۔ تلنگانہ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن کی جانب سے ڈبل بیڈروم مکانات کے بارے میں اندیشوں کے اظہار پر وزیر امکنہ نے کہا کہ حکومت اسکیم کے بارے میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 70,000 مکانات کیلئے ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں اور بہت جلد تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ہر اسمبلی حلقہ کیلئے خصوصی کوٹہ مقرر کرنے کا وعدہ کیا ہے اور چیف منسٹر کے وعدہ کے مطابق ارکان اسمبلی کو کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں اس اسکیم کیلئے رقومات منظور نہ کئے جانے کی شکایت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر حکومت کی اہم اسکیم ہے اور اس سے انحراف کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیر امکنہ نے بتایا کہ سابق میں شروع کی گئی اندراما ہاؤزنگ اسکیم کے 29 لاکھ 6 ہزار مکانات کے قرض کی معافی کے طور پر 3,900 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ کمزور طبقات نے اندراما ہاؤزنگ کے تحت جو قرض حاصل کیا تھا ، حکومت اس کی پابجائی کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اندراما ہاؤزنگ کے تحت دیگر زیر التواء مکانات کیلئے 1154 کروڑ کی ضرورت ہے جبکہ حکومت کے پاس 565 کروڑ موجود ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے اضلاع کی تشکیل کے بعد ضلع کلکٹرس کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ جانچ کرتے ہوئے رقومات جاری کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اندراما ہاؤزنگ کے استفادہ کنندگان کو بقایاجات جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے بقایاجات کی عدم ادائیگی سے متعلق کانگریس کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ 19 ہزار 304 استفادہ کنندگان کی نشاندگی کی گئی ہے ، جنہیں بقایہ رقم ادا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں کی گئی بدعنوانیوں کے سبب ہاؤزنگ ڈپارٹمنٹ کے ملازمین مختلف مسائل کا شکار ہوئے ہیں۔ وزیر امکنہ نے بتایا کہ کئی اضلاع میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے اور مقررہ وقت پر تعمیر مکمل کرلی جائے گی۔ اصل سوال کے تحریری جواب میں وزیر امکنہ نے بتایا کہ پسماندہ طبقات کے استفادہ کنندگان کیلئے ابھی تک 3920 کروڑ ، 56 لاکھ روپئے ادا کئے گئے جس سے 29 لاکھ 64 ہزار 435 استفادہ کنندگان کو فائدہ ہوا۔ کانگریس کی رکن ڈی کے ارونا نے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر میں تاخیر کی شکایت کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT