Saturday , July 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈبل بیڈ روم مکانات کے لیے رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں

ڈبل بیڈ روم مکانات کے لیے رقم ادا کرنے کی ضرورت نہیں

عوام بروکرس کی دھوکہ دہی کا شکار نہ بنیں ، وزیر آئی ٹی کا مشورہ
حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے عوام سے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے سلسلہ میں اگر کوئی بھی رقومات کا مطالبہ کرے تو عوام اسے ہرگز برداشت نہ کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم کے سلسلہ میں کسی بھی شخص کو رقم ادا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور حکومت بلامعاوضہ یہ مکانات مستحقین کو فراہم کرے گی۔ کے ٹی آر نے آج محبوب نگر ضلع میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مکانات کی منظوری کے سلسلہ میں بروکرس کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں حکومت ہر مستحق خاندان کو گھر فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم کے آغاز کا مقصد غریبوں کی عزت نفس میں اضافہ کرنا ہے انہیں بھی مکان فراہم کرتے ہوئے سماج میں ان کا درجہ بلند کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں اس طرح کی منفرد اسکیم شروع نہیں کی گئی۔ سابق میں بھی غریبوں کو سنگل بیڈ روم کے مکانات فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا لیکن یہ مکانات انفرادی نوعیت کے نہیں تھے لیکن ٹی آر ایس حکومت نے غریبوں کو انفرادی مکان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں سب سے زیادہ مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اس پروگرام پر اپوزیشن کی تنقیدوں پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر اسکیم پر تنقید کرنا اپوزیشن جماعتوں کی عادت بن چکی ہے۔ ڈبل بیڈروم مکان جیسی غریبوں کی بھلائی سے متعلق اسکیم پر کم سے کم اپوزیشن کو حکومت سے تعاون کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے 33 ماہ کے دوران کئی فلاحی و ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم کو حکومت پر تنقید کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں کیونکہ دونوں پارٹیوں نے اپنی حکومتوں کے دوران عوامی بھلائی کو نظرانداز کردیا تھا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گزشتہ تین بجٹ میں ٹی آر ایس حکومت نے فلاحی اسکیمات کیلئے زائد بجٹ مختص کیا اور اس کے خرچ پر بھی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام طبقات حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ اس تقریب میں ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ، رکن اسمبلی سرینواس گوڑ، رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT