ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام اسکیم کی تاریخ میں توسیع یقینی

   

حیدرآباد۔ 14 نومبر (سیاست نیوز) اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام اسکیم میں درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی جائے گی۔ کارپوریشن کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں مختلف نمائندوں کی وصولی پر تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے تاہم قطعی تاریخ کا اعلان جمعہ کو کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اقلیتی طبقے کے تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کو ڈرائیور امپاورمنٹ پروگرام کے تحت کار کی خریدی کے لیے مالی امداد فراہم کرنے آن لائین درخواستیں طلب کی گئیں۔ درخواستوں کے ادخال کے لیے ایم آر او آفس سے جاری کردہ انکم سرٹیفکیٹ کی ضرورت پڑتی ہے۔ حال ہی میں عبداللہ پورمٹ کی ایم آر او وجیا ریڈی کے قتل کے خلاف ریاست کے تمام ایم آر اوز تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں۔ ایم آر اوز کے دفاتر میں کام کاج ٹھپ ہوچکا ہے اور امیدواروں کو انکم سرٹیفکیٹس کی اجرائی مسدود ہوچکی ہے۔ ایسے میں آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع ضروری ہے۔ اسی دوران میر فراست علی باقری ترجمان بی جے پی میناریٹی مورچہ نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 نومبر آخری تاریخ مقرر کی گئی اور 2 نومبر کو اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ اس قدر کم مدت میں کئی امیدوار درخواستوں کے ادخال سے قاصر رہے۔ ایم آر اوز کے دفاتر میں کام کاج بند ہونے کے سبب امیدواروں کو انکم سرٹیفکیٹس کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے۔