Tuesday , October 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ڈراویڈ ٹیم انڈیا کی کوچنگ کیلئے موزوں : پانٹنگ

ڈراویڈ ٹیم انڈیا کی کوچنگ کیلئے موزوں : پانٹنگ

ممبئی ، 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق آسٹریلیائی کپتان رکی پانٹنگ نے راہول ڈراویڈ کو ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے بہترین امیدوار قرار دیا ہے۔ پانٹنگ نے کہا کہ کوچ کا فیصلہ کرنا میرا کام نہیں اور اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ بی سی سی آئی کس طرح کے کوچ کی تلاش میں ہے۔ وہ انڈین کوچ چاہتے ہیں یا غیر ملکی؟ میرا خیال نہیں کہ بی سی سی آئی (انڈین کرکٹ بورڈ) کو ڈراویڈ سے بہتر کوئی امیدوار مل پائے گا۔ اگر وہ اس نوکری میں دلچسپی رکھتے ہیں تو وہ یقیناً بہتر کام کریں گے۔ دو مرتبہ آسٹریلیا کو عالمی چمپئن بنوانے والے سابق کپتان نے کہا کہ ڈراویڈ کے پاس بہت علم اور تجربہ ہے اور انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایل) میں کام کرنے کے سبب وہ کھیل کے تینوں فارمٹس کو سمجھتے ہیں۔ وہ بہترین امیدوار ہوں گے لیکن اس بات کا انحصار بی سی سی آئی پر ہے کہ وہ کسے ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کیلئے سب سے بہتر امیدوار تصور کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ یہ کہ کپتان کیا چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں ویراٹ کوہلی جسے ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کی کوچنگ کیلئے بہتر تصور کریں، بورڈ کو اسی پر عمل کرنا چاہئے۔ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کی کوچنگ کرنے والے پانٹنگ نے اپنے معاونین شین بانڈ اور جونٹی روڈز کے ہمراہ اسکولی بچوں کی کوچنگ کے مختصر کورس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایشز سیریز کو روایتی انداز میں دن کی روشنی میں ہی کھیلا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ٹسٹ کرکٹ کا معاملہ ہے تو میں کافی حد تک روایتی چیزوں کے حق میں ہوں، کئی ملکوں میں ٹسٹ کرکٹ میں تبدیلی درکار ہے ’’لیکن ایشز سیریز میں روایتی کشش کی وجہ سے میں نہیں چاہتا کہ ایشز سیریز میں ڈے اینڈ نائٹ ٹسٹ میچز ہوں‘‘۔

TOPPOPULARRECENT