Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈرون کیمروں کے استعمال پر امتناع، محکمہ پولیس سے اعلامیہ

ڈرون کیمروں کے استعمال پر امتناع، محکمہ پولیس سے اعلامیہ

استعمال پر سخت کارروائی، ملک گیر سطح پر امتناع کیلئے محکمہ شہری ہوا بازی کی مشاورت

حیدرآباد۔13اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں ڈرون کیمروں کے استعمال کو حاصل ہورہے فروغ کو دیکھتے ہوئے شہری پولیس انتظامیہ نے اس پر مکمل امتناع عائد کردیا ہے اور کسی بھی تقریب میں جو خانگی‘ غیر سرکاری ہو ان میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ محکمہ پولیس کے ذرائع کے مطابق شہری علاقو ںمیں اس طرح کے ڈرون کیمرے یا بغیر انسان کے چلائی جانے والی ہوائی گاڑیاں بشمول کافی بلندی تک جانے والے ریموٹ ہیلی کاپٹر وغیرہ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں اسی لئے ان پر مکمل امتناع عائد کردیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ پولیس نے خانگی طور پر ان ڈرون کیمروں کے استعمال کو مکمل بند کرنے کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے بعد شہرکے علاوہ رچہ کنڈہ اور مادھاپور پولیس کمشنریٹ حدود میں بھی ان ڈرون کے استعمال کو ممنوعہ قرار دیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خفیہ ایجنسیوں سے اطلاعات موصول ہونے کے بعد محکمہ پولیس کی جانب سے یہ اقدام کیا گیا ہے اور ان اقدامات کے پس پردہ محرکات کا جائزہ بھی لیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق ان ڈرون کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے کسی مخصوص علاقہ کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے ۔ چند ماہ قبل دہلی میں ڈرون کیمرہ کے ذریعہ انتہائی حساس نوعیت کی سیکیوریٹی والے علاقوں کی تصویر کشی کی اطلاع موصول ہونے پر ایک غیر ملکی باشندہ کو حراست میں لیا گیا تھا اور اس کے بعد سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جانے لگی تھی اور بتدریج ملک کے مختلف اہم شہروں میں ڈرون کیمروں کے استعمال پر پابندی عائد کی جانے لگی ہے ۔ حیدرآباد میں چند ہفتہ قبل محکمہ پولیس کی جانب سے کسی بھی تقریب وغیرہ میں بھی ڈرون کیمرہ کے استعمال کی اجازت نہ دینے اور اس پر مکمل امتناع عائد کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر کسی تقریب میں ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جاتا ہے تو انہیں ضبط کرلیا جائے گااور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کے علاوہ بھاری جرمانے عائد کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے۔ محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق شہر کے علاوہ شہر کے نواحی علاقو ںمیں موجود ریسارٹس ‘ فارم ہاؤ ز وغیرہ میں بھی ان ڈرون کیمروں کے استعمال پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ملک گیر سطح پر ڈرون کے استعمال پر امتناع کے سلسلہ میں محکمہ شہری ہوابازی سے مشاورت جاری ہے تاکہ ہر شہر یا ریاست میں علحدہ علحدہ طور پر احکامات کی اجرائی کی ضرورت نہ رہے۔ سرکاری اداروں اور تنظیموںکو بھی ڈرون کیمرہ استعمال کرنے سے قبل متعلقہ محکمہ سے اجازت حاصل کرنی ہوگی بصورت دیگر اسے بھی غیر قانونی عمل تصور کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT