Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈرگس مافیا کیس ‘ باہوبلی 2 اداکار سباراجو سے 13 گھنٹے پوچھ تاچھ

ڈرگس مافیا کیس ‘ باہوبلی 2 اداکار سباراجو سے 13 گھنٹے پوچھ تاچھ

10 فلمی شخصیتوں کے نام کے انکشاف کی اطلاع ۔ ڈائرکٹر پوری جگناتھ کی دوبارہ طلبی بھی ممکن
حیدرآباد /21 جولائی ( سیاست نیوز ) ڈرگس مافیا کیس میں آج تیسرے دن بھی اکسائز انفورسمنٹ کی ایس آئی ٹی تلگو فلم صنعت شخصیتوں سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور آج باہوبلی فلم کے کیرکٹر آرٹسٹ سبا راجو تحقیقاتی عہدیداروں کے روبرو حاضری دی جس کے نتیجہ میں ان سے 13 گھنٹے طویل پوچھ تاچھ کی گئی ۔ تحقیقات کے دوران سبا راجو نے 10 فلم شخصیتوں کے ناموں کا انکشاف کرنے کی اطلاع ہے جن میں تلگو فلم کی مشہور شخصیت کے گھرانے سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں ۔ ایس آئی ٹی نوٹس ملنے کے بعد تلگو اداکار آج صبح 9.45 منٹ پر نامپلی آبکاری بھون پہونچے جہاں تحقیقاتی عہدیداروں نے انہیں پانچویں منزل منتقل کیا ۔ 10 بجکر 15 منٹ پر پوچھ تاچھ کا سلسلہ شروع ہوا اور رات دیر گئے 11 بجکر 15 تک پوچھ تاچھ کی گئی ۔ آج دوپہر سبا راجو نے اچانک طبعیت بگڑنے کی شکایت کی جس کے فوری بعد دواخانہ عثمانیہ کے ڈاکٹروں کو طلب کرلیا گیا اور طبی معائنہ کیا گیا جس میں یہ معلوم ہوا کہ اداکار کا بلڈ بریشر ڈاؤن ہوگیا تھا ۔ تحقیقاتی ٹیم نے اداکار کو کچھ گھنٹوں کی مہلت کی اور بعد ازاں پوچھ تاچھ کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدا میں سبا راجو نے ایس آئی ٹی عہدیداروں سے مکمل تعاون نہیں کیا جس کی اطلاع پر اکسائز افورسمنٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر اکون سبھروال نے پوچھ تاچھ کا سلسلہ اپنی راست نگرانی میں جاری رکھا اور ڈرگس ریاکٹ میں گرفتار شدہ ملزم کالوین کی جانب سے موبائل فون اور واٹس پر روانہ کئے گئے پیامات کو دکھایا جس کے بعد اداکار پس و پیش کا شکار ہوگیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ سینئیر آئی پی ایس عہدیدار پوچھ تاچھ میں شامل ہونے کے بعد کئی تفصیلات کا انکشاف کیا جس کا ایس آئی ٹی نے نوٹ لیتے ہوئے مزید تلگو فلم کی شخصیتوں کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اتنا ہی نہیں سبا راجو کے خون ، بال اور ناخنوں کے نمونے حاصل کئے گئے اور انہیں فارنسک لیباریٹری روانہ کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر اکون سبھروال نے آج رات میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ریاست میں اب تک کے بڑے ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کیا جانے کے بعد انہیں یہ معلوم ہوا ہے کہ شہر کے مختلف بار اور پبس اپنے گاہکوں کو ڈرگس فراہم کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود کے 70 پبس کو نوٹس جاری کی گئی ہیں اور ابتدائی تحقیقات میں 16 پبس کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں کھلے عام ڈرگس فراہم کیا جاتا ہے ۔ کل شہر کے مختلف بار اور پبس کے مالکین اور پروپرائٹرس کا اجلاس منعقد کیا جارہا ہے جس میں ڈرگس کے استعمال پر اتنباہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تلگو فلم اداکارہ مومت خان کو 27 جولائی کو تحقیقات کیلئے طلب کیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر فلم ڈائرکٹر پوری جگناتھ کو دوبارہ طلب کیا جاسکتا ہے ۔ آبکاری کمشنر مسٹر چندرا ودھن نے بتایا کہ ڈرگس کیس اب تک کی تحقیقات اطمینان بخش ہے اور اس میں ملوث کسی شخصیت کو بخشا نہیں جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT