Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے تقرر کا تنازعہ

ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے تقرر کا تنازعہ

احکامات کی اجرائی کے باوجود معصومہ بیگم کو ذمہ داری نہیں دی گئی
حیدرآباد۔/9اکٹوبر، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود میں حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے تقرر پر تنازعہ کھڑا ہوچکا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی رپورٹ کی بنیاد پر 24ستمبر کو جی او آر ٹی 169جاری کرتے ہوئے شریمتی معصومہ بیگم کا تبادلہ کردیا اور ان کی جگہ جنرل منیجر تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن سید ولایت حسین کو اس عہدہ کی زائد ذمہ داری دی تھی۔ احکامات کی اجرائی کے باوجود معصومہ بیگم نے عہدہ کی ذمہ داری حوالہ نہیں کی جس پر ولایت حسین نے اپنے طور پر جائزہ حاصل کرلیا۔ یہ معاملہ تنازعہ کی شکل اختیار کرگیا اور بتایا جاتا ہے کہ ضلع کلکٹر حیدرآباد نے اقلیتی بہبود کے اس اقدام پر سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معصومہ بیگم بدستور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کے عہدہ پر برقرار رہیں گی۔ ان کا استدلال تھا کہ کارپوریشن کے کسی عہدیدار کو اس عہدہ پر فائز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ رینک کے اعتبار سے اس زمرہ میں نہیں آتے۔ یہ معاملہ انچارج سکریٹری اقلیتی بہبود تک پہنچ گیا اور بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے بھی اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود سے وضاحت طلب کی۔ حیدرآباد میں ’شادی مبارک‘ اسکیم پر موثر عمل آوری نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے سکریٹری اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کیا تھا اور معصومہ بیگم کا تبادلہ کرتے ہوئے ولایت حسین کو انچارج مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کلکٹر حیدرآباد کے اعتراض کے بعد معصومہ بیگم اس عہدہ پر برقرار رہیں گی۔ اگرچہ ان کا تعلق رائلسیما سے بتایا جاتا ہے تاہم انہیں حیدرآباد میں دی گئی پوسٹنگ پر اقلیتی بہبود کے بعض عہدیدار اعتراض کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT