Tuesday , October 17 2017
Home / ہندوستان / ڈنمارک کی خاتون کی عصمت ریزی ، 5 مجرمین کو عمر قید

ڈنمارک کی خاتون کی عصمت ریزی ، 5 مجرمین کو عمر قید

نئی دہلی ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دہلی کی ایک عدالت نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر دو سال قبل ڈنمارک کی ایک 52 سالہ خاتون کو چاقو کی نوک پر اجتماعی عصمت ریزی کے مقدمہ میں پانچ مجرمین کو عمر قید دی ہے ۔ ایڈیشنل سیشنس جج رمیش کمار نے ڈنمارک کی خاتون سیاح کی اجتماعی عصمت ریزی کے مجرمین 25 سالہ مہندر عرف گنجہ ، 25 سالہ محمد راجہ ، 23 سالہ راجو ، 21 سالہ ارجن اور 30 سالہ راجو چکہ کو یہ سزائے قید دی ہے ۔ جج نے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعہ 376 ( ڈی ) کے تحت تمام مجرمین کو سزائے عمر قید دی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں راجو اور راجوچکہ پر فی کس 83,000 جرمانہ عائد کیا ہے ۔ مہندر اور محمد راجہ پر فی کس 93,000 روپئے جرمانہ ادا کیا گیا ۔ ارجن پر 1,03,000 روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ ان مجرمین کو اجتماعی عصمت ریزی کے جرم پر ان سزاؤں کے علاوہ دیگر جرائم کے لیے بھی مختلف مدتوں کے لیے اضافی سزائے قید دی ہے ۔ پولیس کے مطابق 14 جنوری 2014 کی شب نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر 9 افراد نے جو تمام سڑک چھاپ آوارہ تھے ڈنمارک کی اس خاتون سیاح کو ایک سنسان مقام پر لیجاکر چاقو کی نوک پر لوٹ لیا اور اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی تھی ۔ چھٹواں ملزم 56 سالہ شیام لال اس سال فروری میں فوت ہوگیا جس کے بعد اس کے خلاف مقدمہ بند کردیا گیا تھا ۔ اس مقدمہ کے دیگر تین ملزمین قانونی اعتبار سے نابالغ ہیں اور عدالت اطفال میں ان کے خلاف مقدمہ کی سماعت جاری ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈنمارک کی خاتون سیاح یکم جنوری 2014 کو نئی دہلی آئی تھی اور دو دن وہاں ٹھہرنے کے بعد آگرہ روانہ ہوگئی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT