Wednesday , August 23 2017
Home / Top Stories / ڈونالڈ ٹرمپ اور داعش دنیا کیلئے یکساں طور پر سنگین خطرہ

ڈونالڈ ٹرمپ اور داعش دنیا کیلئے یکساں طور پر سنگین خطرہ

ہلاری کیخلاف ارب پتی رئیل اسٹیٹ تاجر کی کامیابی کا امکان نہیں، برطانوی رپورٹ

شندن 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے ایک تحقیقی گروپ اکنامسٹ انٹلی جنس یونٹ (ای آئی یو) نے اپنے ایک تجزیہ کی بنیاد پر خبردار کیا ہے کہ امریکی صدارت پر ڈونالڈ ٹرمپ کی کامیابی کے امکانات بھی عالمی معیشت میں عدم استحکام کے ضمن میں آئی ایس (داعش) کی جہادی دہشت گردی کی طرح یکساں طور پر تباہ کن ثابت ہوں گے۔ ای آئی یو کے ایک تازہ ترین سروے میں 20 سنگین عالمی خطرات کے تخمینوں کی ایک فہرست تیار کیا گیا ہے جس میں چینی معیشت کی زبوں حالی سرفہرست ہے۔

امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن ٹکٹ کے ایک دعویدار ڈونالڈ ٹرمپ کی کامیابی کے امکانات سے لاحق خطرہ کو فہرست میں 12 واں مقام دیا گیا ہے۔ رئیل اسٹیٹ کے تاجر اور متنازعہ شخص ڈونالڈ ٹرمپ کی چین سے نفرت اور اسلامی انتہا پسندی پر ان کے تلخ تبصروں کے علاوہ امریکہ میں مسلمانوں کا داخلہ روکنے ان کی تجویز کو جہادی گروپوں کی جانب سے بھرتیوں کے لئے آلہ کار کے طور پر استعمال کئے جانے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ اور جہادی دہشت گردی پر سخت گیر دائیں بازو کا موقف اختیار کیا ہے۔ اُنھوں نے دہشت گردوں کے خاندانوں کو ہلاک کردینے، آئی ایس کے صفائے کیلئے شام میں فوجی مداخلت اور اس کے قبضہ سے تیل حاصل کرلینے کی وکالت بھی کی ہے۔ ای آئی یو نے جنوبی چینی سمندر کے حدود میں کسی مسلح تصادم کے خطرہ کو فہرست میں آٹھویں مقام پر رکھا ہے۔ یوروپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا خطرہ بھی اسی مقام پر ہے۔ اُبھرتے ہوئے مارکٹ قرض بحران سے لاحق ہونے والے خطرہ کو فہرست میں 16 واں مقام حاصل ہے۔ ادارہ نے کہاکہ ’’بالخصوص امریکی سرزمین پر کسی دہشت گرد حملے یا اچانک اقتصادی سست روی بھی اس خطرہ کی اہم وجہ ہوسکتی ہے‘‘۔ تاہم اس ادارہ نے کہا ہے کہ وہ توقع نہیں کرتا کہ ڈونالڈ ٹرمپ متوقع ڈیموکریٹک حریف ہلاری کلنٹن کو صدارتی انتخاب میں شکست دے سکیں گے۔  امریکی فاکس نیوز نے آئندہ ہفتہ مقرر ریپبلکن ٹکٹ کے دعویداروں کا مباحثہ منسوخ کردیا کیوں کہ ٹرمپ نے اس میں حصہ لینے سے انکار کردیا تھا۔ نکی ہیلی وائٹ ہاؤز کے لئے جاری دوڑ میں ٹرمپ کے مقابلے ٹیڈ کروز کی تائید کا اعلان کرچکے ہیں۔ لوزیانہ کے سابق گورنر اور ہند نژاد امریکی بابی جندال نے کہا ہے کہ ریپبلکن امیدوار کی حیثیت سے ٹرمپ کا ابھرنا دراصل ریپبلکن پارٹی کے لئے موت کی گھنٹی کے مترادف ہے۔

TOPPOPULARRECENT