Sunday , August 20 2017
Home / دنیا / ڈونالڈ ٹرمپ کے مسلم مخالف بیان پر شدید رد عمل

ڈونالڈ ٹرمپ کے مسلم مخالف بیان پر شدید رد عمل

واشنگٹن ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں صدارتی الیکشن کے لیے رپبلکن پارٹی کی نامزدگی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کو امریکہ کے مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے پر پابندی لگا دینی چاہئے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز تقریر کرتے ہوئے مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر ’مکمل‘ پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا یہ بیان گذشتہ ہفتے کیلیفورنیا میں ہونے والے حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ایک مسلمان جوڑے نے فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ ٹرمپ کے اس بیان پر شدید رد عمل سامنے آیا ہے اور امریکہ میں اس کی وسیع پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے۔ امریکی ایوان صدر وائٹ ہاؤس کی طرف سے کہا گیا ہے ڈونالڈ ٹرمپ کا بیان امریکی اقدار کے منافی ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ ماضی میں بھی متنازعہ بیانات دیتے رہے ہیں۔ ان کی مذمت کرنے والوں میں ان کی اپنی جماعت کے بھی افراد شامل ہیں جن میں سابق نائب صدر ڈک چینی بھی شامل ہیں۔ رپبلکن جماعت میں ڈونالڈ ٹرمپ کے مد مقابل جیب بش نے بھی اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک غیر محتاط بیان ہے۔ یہودیوں کی حمایتی تنظیم اینٹی ڈیفامیشن لیگ نے کہا ہے کہ لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر امریکہ میں داخلے سے روکنا ناقابلِ قبول اور انتہائی توہین آمیز ہے۔ کونسل آن امیریکن اسلامک ریلشنز نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ فسادیوں کے سربراہ کی طرح بات کر رہے ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ کے مسلم مخالف بیان پر مصر کی دارالافتاء نے جو ہر سال حساس اور متنازعہ موضوعات پر فتوے جاری کرتی ہے، نے بھی ٹرمپ کی زہرافشانی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس نوعیت کے بیانات سے امریکی سماج میں کشیدگی بڑھے گی۔ مسلمانوں اور اسلام مخالف بیانات دینا ٹرمپ کو زیب نہیں دیتا کیونکہ وہ ایک صدارتی امیدوار ہیں۔ دوسری طرف حیرت انگیز طور پر فلوریڈا کے میئر نے واضح طور پر اعلان کردیا ہیکہ امریکہ میں مسلمانوں کے داخلے کو روکنے کا بیان دینے والے ٹرمپ کو وہ خود شہر میں داخل ہونے نہیں دیں گے۔ سینٹ پیٹرس برگ کے میئر رک کرسمین نے کہا کہ ہم فوری اثر کے ساتھ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے شہر میں داخلہ پر اس وقت تک امتناع عائد کرتے ہیں جب تک ہمیں ان کی دھمکیوں کی سنگینی کے حقائق معلوم نہ ہوجائیں۔

TOPPOPULARRECENT