Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈکیتی کا معمہ حل ، وکیل کا ملزمین کو بلیک میل

ڈکیتی کا معمہ حل ، وکیل کا ملزمین کو بلیک میل

حیدرآباد ۔ /23 جون (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے 2 سال قبل پیش آئے ایک ڈکیتی کی واردات کا معمہ حل کرلیا اور 6 ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب /20 اگست 2014 ء کو گھانسی بازار سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ امجد علی نے بیگم بازار پولیس سے ایک شکایت درج کروائی تھی جس میں بتایا کہ وہ لکڑی کا پل علاقہ کیلئے اپنے مکان سے ایک آٹو میں دو کیلو طلائی زیورات کے ہمراہ روانہ ہوئے تھے کہ سنگم ہوٹل مالہ کنٹہ روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے ان کی آنکھ میں مرچ پاؤڈر پھینک کر طلائی زیورات لوٹ لیا تھا ۔ پولیس بیگم بازار نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ دو سال سے ملزمین کی تلاش میں تھے ۔ پولیس نے اس معمہ کو حل کرتے ہوئے 25 سالہ شیخ عمران علی ، 32 سالہ محمد وسیم ، 24 سالہ محمد مجاہد ، 24 سالہ محمد اعظم ، 24 سالہ محمد شوکت ، محمد مجیب الدین کو گرفتار کرلیا جنہوں نے امجد علی پر حملہ کرکے ان کے قبضے سے طلائی زیورات لوٹنے کی واردات میں ملوث تھے ۔ ٹاسک فورس پولیس نے بتایا کہ مذکورہ واردات کی تحقیقات کے سلسلے میں بیگم بازار پولیس نے شبہ کی بنیاد پر شیخ عمران علی کے ارکان خاندان کو پولیس اسٹیشن طلب کیا تھا جس کے نتیجہ میں محمد وسیم نے اکبر باغ کے وکیل سلیم سے رابطہ قائم کیا اور اس واردات سے متعلق تمام تفصیلات بیان کی ۔ ٹاسک فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایڈوکیٹ سلیم نے مبینہ طور پر ملزمین کو بلیک میل کرتے ہوئے 70 سونے کے لاکٹس حاصل کرلئے اور اس مسئلہ کی یکسوئی کا وعدہ کیا ۔ پولیس کو ٹولی چوکی کے زبیر اور ایڈوکیٹ سلیم کی تلاش ہے ۔

TOPPOPULARRECENT