Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈگری و پی جی کالجس میں انٹرمیڈیٹ امتحانات

ڈگری و پی جی کالجس میں انٹرمیڈیٹ امتحانات

1943 کالجس کو نوٹس ، تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ امتحانات اس مرتبہ ڈگری اور پی جی کالجس میں منعقد ہوں گے۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے اس بات کا فیصلہ کیا ہیکہ انٹر امتحانات ڈگری اور پی جی کالجس میں منعقد کئے جائیں تاکہ امیدواروں کو مختلف کالجس میں مراکز الاٹ کئے جاسکے۔ خانگی جونیر کالجس میں ہورہی بدانتظامیوں اور قواعد کی خلاف ورزیوں کے سبب انٹرمیڈیٹ بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ بورڈ کی جانب سے موزوں مقامات کالجس بالخصوص ڈگری و پی جی کالجس کی نشاندہی کا عمل تاحال جاری ہے جبکہ امتحانات کیلئے صرف 3 ماہ کا عرصہ باقی رہ گیا ہے۔ عہدیداروں کے بموجب تقریباً 300 خانگی جونیر کالجس کا الحاق خطرہ میں ہے کیونکہ شہر حیدرآباد، رنگاریڈی کے علاوہ دیگر مقامات پر 300 کالجس قواعد و رہنمایانہ اصولوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ اسی لئے انٹرمیڈیٹ بورڈ نے سخت فیصلہ کرتے ہوئے ان کالجس میں امتحانی مراکز قائم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلہ کے متعلق اب تک بھی کالجس طلبہ اور خود بورڈ کے عہدیداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ بڑی تعداد میں خانگی کالجس کا الحاق ختم کئے جانے کی صورت میں آئندہ سال بھی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ اسی لئے فوری طور پر سرکاری و خانگی ڈگری کالجس پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے تاکہ امیدواروں کو کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انٹرمیڈیٹ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہیکہ تاحال بورڈ کی جانب سے 600 امتحانی مراکز کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جارہا ہے کہ ان مراکز میں طلبہ کی ضرورتوں کی تکمیل کس طرح سے ممکن بنائی جاسکتی ہے اور اس بات کی بھی تنقید کی جارہی ہیکہ آیا نشاندہی کردہ مراکز قواعد و ضوابط کے مطابق ہیں یا نہیں۔ ریاست بھر میں موجود 1943 جونیر کالجوں کو حفاظتی اقدامات کے متعلق نوٹسیں جاری کی گئی تھی جن میں سے 1269 کالجس کو ذمہ داران نے نوآبجکشن سرٹیفکیٹ کیلئے محکمہ فائر میں درخواستیں داخل کی ہیں لیکن تاحال ان درخواستوں کی یکسوئی نہیںہو پائی ہے۔ اس کے علاوہ کالجس کے الحاق کے مسئلہ کو امتحانات کے انعقاد سے قبل حل کرنے کیلئے بھی ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT