Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / ڈگری کورسیس کی تکمیل کیلئے 5سال کی میعاد یو جی سی کے رہنمایانہ خطوط پر کانگریس کی تنقید

ڈگری کورسیس کی تکمیل کیلئے 5سال کی میعاد یو جی سی کے رہنمایانہ خطوط پر کانگریس کی تنقید

نئی دہلی۔/27اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ رہنمایانہ خطوط میں طلباء کے ڈگری کورسیس کی تکمیل کیلئے 5سال کی میعاد مقرر کرنے پر کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ نے شدید اعتراض کیا ہے اور کہا کہ اس اقدام سے مستحق غریب طلباء بالخصوص پسماندہ طبقات تعلیمی مواقع سے محروم ہوجائیں گے۔ راجیہ سبھا ایم پی اور فروغ انسانی وسائل پر پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی ممبر بالا چندر مونگیکر نے صدر نشین یو جی سی مسٹر وید پرکاش سے مطالبہ کیا کہ کمیٹی کے روبرو حاضر ہوکر اس فیصلہ پر وضاحت پیش کریں اور یہ استدلال پیش کریں کہ ملک میں تعلیم کو معیاری بنانے کیلئے مذکورہ اقدام کس طرح معاون ثابت ہوگا۔ کانگریس ایم پی نے کہا کہ محض کورس کی میعاد میں اضافہ سے تعلیم کا معیار بلند نہیں ہوسکتا اس کے برعکس طلباء کا مستقبل تاریک ہوجائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ایسے وقت کیا ہے جبکہ 40فیصد ریاستی یونیورسٹیوں اور 30فیصد سنٹرل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرس کے عہدے مخلوعہ ہیں ان مسائل کی یکسوئی پر توجہ دینے کی بجائے حکومت نے ناقابل عمل فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یو جی سی کے رہنمایانہ خطوط سے فی الفور دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ برسر اقتدار حکومت وفاقی جذبہ کو پامال کررہی ہے۔ مسٹر مونگیکر نے یونیورسٹی سے کہا کہ مقامی ضروریات کے مطابق آزادانہ فیصلہ کرے کیونکہ یونیورسٹیز یہ بہتر فیصلہ کرسکتی ہیں کہ طلباء میں مسابقت اور صلاحیت کو فروغ دینے کیلئے تعلیمی کورس کی میعاد کیا ہونی چاہیئے۔ یو جی سی کے نئے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ڈگری کورسیس میں زیر تعلیم طلباء کو اپنا بیاک لاگ کلیر ( گزشتہ امتحانات میں ناکام پرچوں میں کامیابی ) 2سال میں کرلیں اور مزید ایک سال استثنائی صورتحال پر دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT