Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈگ وجئے سنگھ نے انتخابی شکست کا جائزہ لیا

ڈگ وجئے سنگھ نے انتخابی شکست کا جائزہ لیا

پارٹی قائدین سے ناقص مظاہرہ پر وضاحت طلبی ، باہمی اختلافات فراموش کردینے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 18 فروری (سیاست نیوز) جنرل سیکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی و انچارج تلنگانہ پارٹی اُمور ڈگ وجئے سنگھ نے جی ایچ ایم سی انتخابات اور نارائن کھیڑ حلقہ اسمبلی ضمنی انتخاب میں کانگریس کی شکست پر پارٹی قائدین سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے آج حیدرآباد پہنچ کر دونوں انتخابات میں پارٹی کارکردگی کا جائزہ لیا اور متحدہ طور پر انتخابی مہم نہ چلانے پر شدید ناراضگی ظاہر کی۔ ڈگ وجئے سنگھ نے گریٹر حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی میں کانگریس صدارتی امیدواروں کیلئے پارٹی قائدین سے تجاویز طلب کیں۔ وہ 19 فروری کو وجئے واڑہ میں کانگریس پارٹی کے ہیڈآفس کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس سے ایک دن قبل ہی انہوں نے حیدرآباد پہنچ کر تلنگانہ کانگریس قائدین سے ملاقات کی اور حالیہ انتخابات میں پارٹی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ایرپورٹ پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اُتم کمار ریڈی، رکن قانون ساز کونسل مسٹر رنگاریڈی، صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس (اقلیتی شعبہ) شیخ عبداللہ سُہیل، سید نظام الدین، ساجد شریف، معراج محمد، وجئے کمار نائیڈو کے علاوہ دیگر نے اُن کا خیرمقدم کیا۔ بعدازاں ضلع حیدرآباد و رنگاریڈی کی نمائندگی کرنے والے بیشتر قائدین نے ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر، سابق مرکزی وزیر مسٹر سروے ستیہ نارائنا، ارکان اسمبلی ڈاکٹر گیتا ریڈی، مسٹر رام موہن ریڈی، سابق ارکان اسمبلی مسٹر بھکشاپتی یادو، مسٹر ڈی سدھیر ریڈی، سابق صدر ضلع رنگاریڈی کانگریس کمیٹی مسٹر ملیش کے علاوہ دیگر قائدین اُن سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ڈگ وجئے سنگھ نے جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کی شرمناک شکست پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پارٹی کے ناقص مظاہرہ پر قائدین سے وضاحت طلب کی۔ ان کا یہ موقف تھا کہ پارٹی قائدین میں رابطہ کے فقدان کی وجہ سے یہ نتائج برآمد ہوئے۔ سابق وزراء اور سابق ارکان اسمبلی کے حلقوں میں بھی مایوس کن نتائج پر ڈگ وجئے سنگھ نے ناراضگی ظاہر کی اور تمام قائدین کو نظریاتی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی مفاد کیلئے کام کرنا کا مشورہ دیا۔ کانگریس کے چند قائدین نے جی ایچ ایم سی انتخابات کے سلسلے میں اپنی طرف سے ڈگ وجئے سنگھ کو تحریری رپورٹ پیش کی اور ان کی جانب سے چلائی گئی انتخابی مہم کا تذکرہ کیا۔ پرانے شہر میں پیش آئے واقعہ پر بھی ڈگ وجئے سنگھ نے وضاحت طلب کی۔ چند قائدین نے انتخابی مہم میں انہیں نظرانداز کرنے کی شکایت کی۔ اس کے علاوہ اُمیدواروں کے انتخاب میں انصاف کے بجائے دیگر جماعتوں سے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو ٹکٹ دینے کی بھی شکایت کی۔

TOPPOPULARRECENT