Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈگ وجئے سنگھ کی آج مسلم قائدین سے ملاقات

ڈگ وجئے سنگھ کی آج مسلم قائدین سے ملاقات

جی ایچ ایم سی انتخابات میں مجلس سے مقابلہ کی حکمت عملی کا جائزہ
حیدرآباد۔19اکٹوبر ( سیاست نیوز) جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ 20اکٹوبر کو گاندھی بھون میں مسلم قائدین کے علاوہ یہاں آباد آندھرائی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان میں کانگریس کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کریں گے اور ساتھ ہی ضلع میدک کانگریس قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے ۔ دو روزہ دورہ پر تلنگانہ پہنچنے والے ڈگ وجئے سنگھ نے آج مصروف ترین دن گذارہ وہ 20اکٹوبر کو صبح 10 بجے آنجہانی پی کشٹا ریڈی کی قیام گاہ پہنچ کر ان کے ارکان خاندان کو پرسہ دیں گے ۔ 11بجے گاندھی بھون میں ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کریں گے جس میں اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ کے ضمنی انتخابات کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے مسلم قائدین اور گریٹر حیدرآباد میں مقیم سیما آندھرا کے عوام سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتیہ وئے کانگریس کیلئے اعتماد بحال کرنے کی کوشش کریں گے ۔واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد میں مسلمانوں کی آبادی لگ بھگ 25لاکھ ہے ۔ ساتھ ہی بھاری تعداد میں بھی سیٹلرس کے ووٹ 2014 کے عام انتخابات میں گریٹر حیدرآباد کے 24کے منجملہ ایک نشست پر بھی کانگریس کامیابی حاصل نہیں کرسکتی ۔ اس لئے گریٹر حیدرآباد میں کاگنریس کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کیلئے کانگریس مسلمانوں اور سیٹلرس کی تائید حاصل کرنے کی مساعی کررہی ہے ۔ اس اجلاس میں مجلس سے مقابلہ کرنے اور پرانے شہر میں کانگریس کو مستحکم کرنے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا ۔ کانگریس پارٹی نے مجلس کے ساتھ مستقبل میں کوئی مفاہمت نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی مجلس کی بی جے پی کوفائدہ  پہنچانے والی سرگرمیوں سے سخت ناراض ہیں ۔ پارٹی قائدین کو ہدایت دی ہیکہ وہ بی جے پی اور مجلس کو ایک سکے کے دو رُخ کی طرح تصور کرتے ہوئے ان سے مقابلہ کرنے کی حکمت عملی تیار کریں ۔ ڈگ وجئے سنگھ بھی کانگریس قائدین کے ساتھ مشاورت میں اس مرتبہ پرانے شہر سے مضبوط و طاقتور امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارنے پر زور دے رہے ہیں اور ابھی سے پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے منصوبہ بندی تیار کرنے کی ہدایت دے چکے ہیں ۔ کانگریس کے اقلیتی قائدین کل ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے تجاویز بھی پیش کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT