Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈگ وجے سنگھ کی کار کردگی سے کانگریس قائدین غیر مطمئن

ڈگ وجے سنگھ کی کار کردگی سے کانگریس قائدین غیر مطمئن

اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کو تلنگانہ کانگریس سے دلچسپی ختم ہو گئی: گووردھن ریڈی
حیدرآباد /11 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد و رکن راجیہ سبھا پی گووردھن ریڈی نے کہا کہ ڈگ وجے سنگھ کی کار کردگی سے کانگریس قائدین مطمئن نہیں ہیں۔ انھوں نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کانگریس امور سے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجے سنگھ کی دلچسپی ختم ہو گئی ہے اور وہ تلنگانہ پر زیادہ توجہ دینے میں ناکام ہو گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی سے بہتر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کام کر رہے ہیں، مختلف اضلاع کا دورہ کرکے پارٹی کیڈر میں جوش و خروش پیدا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے ہیں، جب کہ اس معاملے میں کے جانا ریڈی کی کار کردگی مایوس کن ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کا دورہ چین بے فیض ہے، کیونکہ اب تک چین نے کسی دوسرے ملک میں سرمایہ کاری نہیں کی اور نہ ہی اپنے ادارے قائم کئے، لہذا ایسے ملک کا دورہ کرنے سے ریاست کو کوئی فائدہ ہونے والا نہیں ہے۔ انھوں نے ٹی آر ایس حکومت کی کار کردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کو اقتدار سونپ کر تلنگانہ کے عوام پچھتا رہے ہیں، تاہم عوامی مسائل حل کرانا اصل اپوزیشن کانگریس کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس اور تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کو ایک دوسرے سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے عوامی مسائل پر متحدہ جدوجہد کرنا چاہئے۔ انھوں نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف محاذ کھولنے پر زور دیا۔

TOPPOPULARRECENT