Tuesday , August 22 2017
Home / دنیا / ڈیموکریٹس سے اتحاد کی اوباما کی اپیل

ڈیموکریٹس سے اتحاد کی اوباما کی اپیل

سینڈرس اوباما سے ملاقات کے بعد ہیلاری کلنٹن سے مفاہمت پر راضی
واشنگٹن ۔ /9 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے ہیلاری کلنٹن کی صدر امریکہ کے عہدہ کیلئے امیدواری کی کوشش کی تائید کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کی مہارت اور جرأت کی ستائش کی اور ڈیموکریٹس پر زور دیا کہ وہ ان کی تائید میں متحد ہوجائیں اور ریپبلکنس کے خلاف جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ کام کتنا مشکل ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ میری نیک خواہشات ہیلاری کلنٹن کے ساتھ ہیں ۔ اوباما نے اپنے ایک ویب ویڈیو میں جو ہیلاری کلنٹن کی انتخابی مہم کے دوران دکھایا گیا ۔ کہا کہ میں نے ان کا انصاف دیکھا ہے اور ان کی سختی بھی دیکھی ہے ۔ اس لئے ڈیموکریٹس سے اپیل کررہا ہوں کہ وہ ان کی تائید میں متحد ہوجائیں  اور عہد کریں کہ ان کی انتخابی مہم میں ایک سرگرم طاقت بن جائیں گے ۔ قبل ازیں دن میں صدر اوباما سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک اور صدارتی امیدوار برنی سینڈرس نے ملاقات کی ۔ حالانکہ انہوں نے واضح طور پر ہیلاری کلنٹن کی تائید نہیں کی لیکن ویرمانٹ کے رکن سینٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی پارٹی کے جولائی کے کنونشن میں ہیلاری کلنٹن کی تائید کی جائے گی  تاکہ وہ ڈونالڈ ٹرمپ کو شکست دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حتی الامکان کوشش کریں گے اور سخت جدوجہد کریں گے تاکہ ڈونالڈ ٹرمپ کو صدر امریکہ بننے سے روک سکیں ۔ وہ اپنی بیوی جین کے ساتھ بذریعہ کار صدر اوباما سے ملاقات کیلئے آئے تھے وہ ہیلاری کلنٹن کے حریف سمجھے جارہے تھے ۔ حال ہی میں انہوں نے مقابلہ سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا تھا لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اب وہ نائب صدر امریکہ بننے کیلئے راضی ہیں ۔ جبکہ ہیلاری کلنٹن صدر امریکہ بن جائیں گی ۔ سینڈرس کا یہ تبصرہ ایک طویل عرصہ سے متوقع تھا ۔ منگل کے دن ہیلاری کلنٹن نے سینڈرس پر اپنی کامیابی کا اعلان کردیا تھا کیونکہ انہیں صدارتی امیدوار بننے کیلئے درکار مندوبین کی تائید حاصل ہوگئی تھی اور اب ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ امریکہ کی اولین خاتون صدر بن جائیں گی ۔

TOPPOPULARRECENT