Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈینٹل ڈاکٹرس کو حصول ملازمت میں دشواریاں

ڈینٹل ڈاکٹرس کو حصول ملازمت میں دشواریاں

پرائمری ہیلت سنٹرس میں تقررات پر زور، بھوک ہڑتالی کیمپ سے ڈاکٹرس کا خطاب
حیدرآباد 20 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ڈینٹسٹس اسوسی ایشن قائدین نے آج اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر صدر اسوسی ایشن ڈاکٹر پرینکا مرتنینی کی زیرقیادت دھرنا چوک اندرا پارک پر ایک روزہ بھوک ہڑتال‘‘ منظم کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر پرینکا مرتنینی اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر سنیل سامراٹ نے مخاطب کرتے ہوئے حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ تلنگانہ کے ڈینٹل کورس کی تکمیل کرنے والے بے روزگار ڈینٹل ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کا اظہار کررہی ہے جبکہ لاکھوں روپئے کے اخرامات اور کافی محنت و مشقت کے بعد ہمیں (بی ڈی ایس) ڈینٹل کی ڈگریاں حاصل ہوا کرتی ہیں لیکن اس کے باوجود مذکورہ کورس تکمیل کرنے والے ڈاکٹروں کو سرکاری ملازمتوں کا حصول دشوار کن ہونے کے علاوہ خانگی طور پر پریکٹس کرکے بھی روزگار کے ذرائع میسر نہیں ہیں جس کے نتیجہ میں ڈینٹل ڈاکٹروں کی معاشی حالت انتہائی قابل رحم اور معاشی پسماندگی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انھوں نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری طور پر تمام ڈینٹل ڈاکٹروں کو ریاست کے ہر پرائمری ہیلت سنٹر میں تقررات عمل میں لاتے ہوئے انھیں سرکاری ملازمت فراہم کرنے کے علاوہ بی ڈی ایس تکمیل کرنے والے ڈاکٹروں کے لئے سرکاری پی جی کی نشستوں میں اضافہ کرے۔ ڈینٹل ٹورازم کو ترقی دی جائے، چھوٹے ڈینٹل کلینکس کو گورنمنٹ ری ایمبرسمنٹ کی سہولت دی جائے، پرائیوٹ کلینکس کو ٹریڈ لائسنس فیس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ پی جی ڈپلوما کورسیس کو فاصلاتی تعلیم کی طرز پر شروع کیا جائے۔ ہیلت کارڈ میں خاتون ڈاکٹروں کے لئے ڈیلیوری اخراجات کو بھی شامل کیا جائے۔ خاتون ڈاکٹروں کو سماجی تحفظات فراہم کرے۔ نقلی ڈاکٹروں کی نشاندہی کرکے انھیں سزا دی جائے، آلات کی خریدی پر سبسیڈی دی جائے، نئے کلینکس قائم کرنے والے ڈاکٹروں کو کم شرح سود پر قرض دیا جائے۔ تلنگانہ میں شعبہ ڈی سی آئی کا قیام عمل میں لایا جائے اور تلنگانہ میں مزید نئے کالجس کے قیام کی اجازت دی جائے۔ مذکورہ ایک روزہ بھوک ہڑتال کیمپ میں تلنگانہ ڈینٹسٹس اسوسی ایشن قائدین مسرز ڈاکٹر نوین مداسو، ڈاکٹر ویرنا،ڈاکٹرراج شیکھر، ڈاکٹر دیپتی، ڈاکٹر کرن نائک، ڈاکٹر ایشن شرما، ڈاکٹر سویتا کے علاوہ دیگر اسوسی ایشن قائدین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ایس ایف آئی اسٹیٹ سکریٹری مسٹر سامبا شیوا اور دیگر قائدین کے علاوہ مختلف تنظیموں سے وابستہ قائدین نے بھوک ہڑتال کیمپ پہونچ کر احتجاجیوں سے اظہار یگانگت کیا۔

TOPPOPULARRECENT