Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈی ناگیندر کی جلد ٹی آر ایس میں شمولیت کا امکان

ڈی ناگیندر کی جلد ٹی آر ایس میں شمولیت کا امکان

حیدرآباد 20؍ ستمبر (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس و سابق وزیر مسٹر ڈی ناگیندر توقع ہے کہ بہت جلد کانگریس کو خیر باد کہہ کے ٹی آر ایس میں شامل ہوجائیں گے ۔ ٹی آر ایس ذرائع نے کہا کہ ڈی ناگیندر کی ٹی آر ایس میں شمولیت اب یقینی ہوچکی ہے اور وہ جلد کانگریس مستعفی ہو جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق ناگیندر کو کانگریس سے مستعفی کروا کر ٹی آر ایس میں شامل کروانے کی ذمہ داری چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ نے اپنے کابینی وزیر کمرشیل ٹیکس ٹی سرینواس یادو کو سونپی تھی ۔ سرینواس یادو نے ناگیندر سے مختلف مقامات پر ملاقات کر کے ٹی آر ایس میں شامل ہونے راغب کیا ۔ جبکہ سابق میں بھی ڈی ناگیندر کی کانگریس سے ناراضگی اور ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات عام ہوئی تھیںجس کی روشنی میں فوری سینئر کانگریس قائدین نے حرکت میںآتے ہوئے ڈی ناگیندر کو پارٹی سے استعفیٰ پیش نہ کرنے کی کامیاب ترغیب دیتے ہوئے ان کا ذہن تبدیل کیا تھا ۔ حالیہ عرصہ کے دوران دوبارہ ٹی آر ایس کے بعض اہم قائدین بشمول مسٹر ٹی سرینواس یادو اور وزیراآبکاری مسٹر پدماراؤ بھی ناگیندر سے ربط میں تھے ۔ ان وزراء نے مسٹر ڈی ناگیندر کو ٹی آر ایس میں شامل ہونے سے متعلق ذہن سازی کرنے میں بہت حد تک کامیابی حاصل کی ہے ۔ بتایاجاتا ہیکہ آئندہ دنوں میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور بہر صورت ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے ٹی آر ایس اپنے ’آپریشن آکرش‘ کے تحت ڈی ناگیندر کو ٹی آر ایس میں شامل کر نے ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف تھے ۔ تاہم ڈی ناگیندر کے حامیوں نے اپنے قائد کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کو مسترد کر دیا اور کہا کہ اس کا کوئی امکان نہیں ہے ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT