Monday , September 25 2017
Home / کھیل کی خبریں / ڈی ولیرز کی موجودہ بیٹنگ ناقابل یقین ، وقت سے کہیں آگے!

ڈی ولیرز کی موجودہ بیٹنگ ناقابل یقین ، وقت سے کہیں آگے!

جنوبی افریقہ نے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں واقعی بہت اچھا کھیلا ، پچ کے تنازعہ پر تبصرہ سے گریز ، تنڈولکر کا اظہار خیال

ممبئی ۔ 28 اکٹوبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ریٹائرڈ بیٹنگ ماسٹر سچن تنڈولکر نے جنوبی افریقہ کی جانب سے شاندار بیٹنگ مظاہرے کی دل کھول کر تعریف کی ہے ، بالخصوص اُن کے کیپٹن اے بی ڈی ولیرزجنھوں نے گزشتہ اتوار کو ہندوستان کے خلاف ممبئی میں فیصلہ کن پانچویں و آخری ونڈے انٹرنیشنل میں گیندبازی کی دھجیاں اُڑا دی ۔ تنڈولکر نے طویل عرصہ بعد گزشتہ روز اپنے پہلے نٹ سیشن کے بعد ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کے ڈی کے سی گراؤنڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کہا : ’’میرے خیال میں جنوبی افریقہ نے واقعی اچھی بیٹنگ کی ۔ میں کوئنٹن ڈیکاک ، فاف ڈوپلیسی اور اے بی ڈی ولیرزکے رول کو ہرگز نظرانداز نہیں کروں گا۔ میں سمجھتا ہوں ڈی ولیرز نے بہت اچھی بیٹنگ کی ‘‘۔

انھوں نے مزید کہا : ’’اگر آپ دیکھیں کہ ابتدائی 20 گیندوں میں جن کا انھوں نے سامنے کیا اور ایک مرحلے پر مجھے ہنوز یاد ہے میں نے شان پولک کو بار بار یہ کہتے سنا کہ ڈی ولیرز نے ابھی اپنا چھٹا اور ساتواں گیئر نہیں بدلہ ہے ۔ وہ بالکل درست کہہ رہے تھے ۔ ڈی ولیرز نے اچھی طرح منصوبہ بندی کی کہ اپنی اننگز کو کس طرح تیزی بخشی جائے اور انھوں نے یہ کام بہت خوبصورتی سے کیا۔ میں اُن کی بھرپور تعریف کروں گا جس طرح انھوں نے بیٹنگ کا مظاہرہ کیا‘‘۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا ڈی ولیرز اپنے وقت سے آگے ہیں ، تنڈولکر نے کہا ، ’’ہاں ! ، وہ اپنے وقت سے آگے ہیں ۔ اس میں کوئی شبہ نہیں اور شاید وہ اپنے کیرئیر کی بلندی پر پہونچ چکے ہیں۔ وہ بلاشبہ ناقابل یقین انداز میں اچھا کھیل رہے ہیں اور ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ کسی بھی دیگر بیٹسمین کے مقابل اُن کے پاس گیند کو کھیلنے کیلئے بہت وقت ہے ‘‘۔ تاہم تنڈولکر نے اپنے امیج کے عین مطابق سیریز کے فائنل میچ کیلئے وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ کی تیاری سے متعلق کوئی بھی تنازعہ میں پڑنے سے گریز کیا ۔

 

جنوبی افریقہ نے یہ میچ 438/4 کا ریکارڈ اسکور کرنے کے بعد اپنے میزبان حریفوں کو 214 رنز کے ہمالیائی فرق سے شکست دی ۔ سچن نے کہا ، ’’مجھے نہیں پتہ (انڈین ٹیم ڈائرکٹر ) روی (شاستری) نے کیوریٹر (سدھیر نائیک ) سے کیا بات کی ‘‘۔ شاستری نے مبینہ طورپر غیرشائستہ زبان استعمال کرتے ہوئے نائیک پر برہمی ظاہر کی اور دونوں میں کافی تلخ کلامی ہوئی۔ چنانچہ نائیک نے ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن سے اس معاملے میں شکایت بھی کی ہے ۔ تنڈولکر نے آئندہ ماہ امریکہ کو اپنے ٹی ٹوئنٹی اگزیبیشن کرکٹ ٹور کی تیاریاں شروع کی ہیں جہاں وہ اور ریٹائرڈ آسٹریلیائی لیجنڈ شین وارن مختلف ٹیموں کی قیادت کرتے ہوئے نیویارک ، ہوسٹن اور لاس اینجلس میں ’’کرکٹ آل اسٹار سیریز 2015 ‘‘میں حصہ لیں گے ۔ یہ مقابلے امریکہ میں کرکٹ کو فروغ دینے کے سلسلے میں منعقد کئے جارہے ہیں اور شائقین کی دلچسپی کو برقرار رکھنے کیلئے مختصر ترین فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی کو منتخب کیا گیا ہے ۔ تنڈولکر نے نومبر 2013 ء میں وانکھیڈے میں کھیلتے ہوئے کھیل کے تمام فارمیٹس سے وداعی لے لی تھی ۔

TOPPOPULARRECENT