Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / ڈ2 ڈسمبر سے حیدرآباد سے بحرین روز پرواز

ڈ2 ڈسمبر سے حیدرآباد سے بحرین روز پرواز

مسافرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر گلف ائر کا اقدام
حیدرآباد ۔ /17 نومبر (سیاست نیوز)  شہر حیدرآباد سے بحرین کیلئے مسافرین کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے گلف ایر نے /2 ڈسمبر سے ہفتہ میں 5 پروازوں کے بجائے روزانہ پرواز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ خلیجی ممالک میں خدمات انجام دے رہے اور قیام پذیر ہندوستانیوں کی آمد و رفت میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بحرین کے قومی فضائیہ گلف ایر نے حیدرآباد بحرین کے درمیان پروازوں میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بات سے واقف کروایا کہ ہندوستان میں حیدرآباد سب سے اہم شہروں میں شمار کیا جارہا ہے چونکہ بحرین سے ہندوستان سفر کرنے والوں میں اکثریت حیدرآبادیوں کی ہے ۔ علاوہ ازیں یوروپی ممالک کا سفر کرنے والے حیدرآبادیوں کیلئے براہ بحرین پروازیں کافی دلچسپی کا باعث نظر آرہی ہیں ۔ حیدرآباد اور بحرین کے درمیان روزانہ پروازوں کے آغاز سے مسافرین کو سہولت حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں اور اس اہم ترین مسافت کے لئے مسافرین کو زیادہ انتظار بھی نہیں کرنا پڑے گا ۔ گلف ایر کے نگران چیف کمرشیل آفیسر مسٹر احمد جناحی نے بتایا کہ دونوں شہروں کے درمیان روزانہ پروازوں کا آغاز بہترین پیشرفت ہے اور مستقبل قریب میں مسافرین کو اپنی آمد و روانگی کی تواریخ میں تبدیلی میں بھی آسانیاں پیدا ہوں گی ۔ /2 ڈسمبر سے روزانہ بحرین کیلئے پرواز کے آغاز کے متعلق مسافرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے مسافرین کو زبردست سہولتیں دستیاب ہوں گی اور دیگر ایر لائینز سے مسابقت کے باعث ٹکٹ کی قیمتوں میں بھی کچھ حد تک فائدہ حاصل ہونے کا امکان ہے ۔

TOPPOPULARRECENT