Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / کئی ہندوستانی ریاستوں میں بارش، 12 ہلاک

کئی ہندوستانی ریاستوں میں بارش، 12 ہلاک

نئی دہلی 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کا قہر جاری ہے۔ آج مزید 12 افراد کے سیلاب سے متاثرہ حادثوں میں ہلاک ہونے کی اطلاع ملی۔ آسام میں سیلاب کی صورتحال ہنوز ابتر ہے۔ جبکہ اڈیشہ کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری پیدا ہوئی۔ آسام میں 4 ، گجرات میں 3 ، اڈیشہ اور راجستھان میں 2 ، 2 اور ہماچل پردیش میں آج ایک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ملی۔ جموں و کشمیر میں دو افراد کے ہلاک ہوجانے کا اندیشہ ہے۔ وہ فی الحال لاپتہ ہیں۔ خصوصی راحت رسانی کمشنر بی پی سیٹھی کے بموجب 4 ہزار دیسی ساختہ ڈونگریا کونڈ عوام جو نیامگری پہاڑیوں کے ساکن تھے، باقی ملک سے کٹ کر رہ گئے ہیں کیوں کہ دریائے کلیانی پر پُل بہہ گیا ہے۔ دیگر طبقات کے 7 ہزار افراد بھی یہاں مقیم تھے۔ 56 ہزار سے زیادہ افراد جن کا تعلق دو اضلاع کے 202 دیہاتوں سے ہے، سیلاب سے بُری طرح متاثر ہیں۔ سورت، ولساڑ اور نوساری اضلاع (جنوبی گجرات) اور چند دیگر مقامات پر گجرات میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ آسام میں اب تک ہلاکتوں کی جملہ تعداد 69 ہوگئی جبکہ تقریباً 9 لاکھ افراد جن کا تعلق 16 اضلاع سے ہے، متاثر ہیں۔ دریائے برہما پترا اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT