Monday , August 21 2017
Home / دنیا / کابل میں امریکی، آسٹریلیائی شہری اغوا

کابل میں امریکی، آسٹریلیائی شہری اغوا

کابل ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی اور ایک آسٹریلیائی شہری کابل کے قلبی علاقہ میں بندوق کی نوک پر اغوا کرلئے گئے، عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔ یہ لڑائی سے بدحال اس ملک میں بیرونی شہریوں کے اغوا کے سلسلہ وار واقعات میں تازہ ترین ہے۔ امریکن یونیورسٹی آف افغانستان میں ان دو پروفیسرس کو گذشتہ روز پکڑ لیا گیا اور ابھی تک کسی گروپ نے ان کے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ایک سیکوریٹی عہدیدار نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ دونوں بیرونی پروفیسرس جن میں ایک امریکی اور دیگر آسٹریلیائی ہے، کابل سٹی کے مرکزی علاقہ میں دارالامن روڈ سے اغوا کاروں کی ٹولی کے ہاتھوں بندوق کی نوک پر اغوا کرلئے گئے۔ ہم پولیس کی بچاؤ کوششوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کیلئے مزید تفصیلات کے افشاء سے گریز کررہے ہیں۔ اغوا کا یہ واقعہ محض دو ہفتے بعد پیش آیا ہے جبکہ ایک انڈین چیاریٹی ورکر کو اغوا کاروں کے قبضہ سے چھڑایا گیا ہے۔ اسے بھی شہر کے قلبی علاقہ میں اس کی قیامگاہ کے قریب بندوق کی نوک پر لے جایا گیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وہ ایک امریکی شہری کے اغواء کی اطلاعات سے واقف ہے لیکن تفصیلات دینے سے انکار کیا۔ آسٹریلیائی حکومت نے بھی اپنے شہری کے بظاہر اغوا کی تصدیق کی ہے اور کابل میں واقع اپنے سفارتخانہ کے حوالہ سے اس سلسلہ میں جانکاری دی لیکن سیکوریٹی خدشات کے سبب مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔

TOPPOPULARRECENT