Wednesday , August 16 2017
Home / Top Stories / کابل میں طالبان دھماکہ ، 26 ہلاک 41 زخمی

کابل میں طالبان دھماکہ ، 26 ہلاک 41 زخمی

صوبہ غور میں دواخانہ پر وحشیانہ حملے میں دیگر 35 افراد ہلاک

کابل ۔24جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کابل کے پڑوس میں ایک شیعہ اکثریتی علاقہ میں طالبان کے ایک خودکش بمبار حملہ میں کم سے کم 26 افراد ہلاک اور دیگر 40زخمی ہوگئے جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے ۔ خودکش بمبار نے سرکاری ملازمین کو لیجانے والی ایک بس کو نشانہ بنایا ۔ اس حملہ سے افغان دارالحکومت میں فرقہ وارانہ اور مسلکی تشدد پھوٹ پڑنے کے اندیشوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہ بہیمانہ حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا جب صدارتی ترجمان نے یہ اعلان بھی کیا کہ طالبان نے وسطی صوبہ غور کے ایک دواخانہ پر انتہائی وحشیانہ حملہ کیا جس کے نتیجہ میں 35 افراد ہلاک ہوگئے ۔ تاہم ہنوز یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مہلوکین مریض تھے یا پھر اسٹاف سے تعلق رکھتے تھے ۔ ان مہلک حملوں سے افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اُبھرنے اور عدم سلامتی میں اضافہ کا اظہار ہوتا ہے جبکہ سکیورٹی فورسیس اس صورتحال پر قابو پانے کی سعی میں مصروف ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے کہاکہ آج کے دھماکے کا شکار بننے والی بس وزارت کانکنی کے ملازمین کو مغربی کابل لیجارہی تھی کہ مصروف ترین اوقات میں یہ دھماکہ ہوا ۔ اس بس سے ایک کار بم ٹکراگیا جب وہ کابل کے اس علاقہ سے گذر رہی تھی جہاں بالعموم مذہبی جنونیوں کے منظم حملوں کا شکار بننے والے شیعہ ہزارہ افراد کی آبادی ہے۔ اے ایف پی کے فوٹوگرافر نے کہاکہ دھماکہ کے مقام پر سڑکوں پر جگہ جگہ انسانی نعشیں اور ٹوٹی ہوئی کانچ کے ٹکڑے پڑے دیکھے گئے ۔ سکیورٹی فورسیس نے اس علاقہ کی ناکہ بندی کردی ہے ۔دھماکہ کے بعد شعلہ پوش بس مکمل طورپر خاکستر ہوگئی اور سڑک پر دھویں کے بادل اُٹھتے دیکھے گئے ۔ زخمیوں کو ایمبولنس اور خانگی گاڑیوں کے ذریعہ مختلف دواخانوں کو منتقل کیا گیا ۔ ایک مقامی دوکاندارمومن نے کہاکہ ’’یہ انتہائی خوفناک دھماکہ تھا جو پرہجوم علاقہ میں کیا گیا۔ میرے کئی دوست اور دیگر دو کاندار ہلاک یا زخمی ہوئے ہوں گے ‘‘ ۔ طالبان نے صبح 7 بجے ہوئے اس دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ یہ دہشت گرد تنظیم شاذ و نادر ہی دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے لیکن وہ اکثرت سرکاری ملازمین کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا کرتی ہے۔ افغان صدارتی ترجمان شاہ حسین مرتضوی نے توثیق کی کہ 26 افراد ہلاک اور دیگر41 زخمی ہوئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT