Monday , August 21 2017
Home / دنیا / کابل میں کار بم دھماکہ ، تین شہریوں کے بشمول 10 ہلاک

کابل میں کار بم دھماکہ ، تین شہریوں کے بشمول 10 ہلاک

کابل ۔ 22 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں آج ایک خودکش کار بم حملہ کیا گیا یہ حملہ ناٹو کے قافلے پر کیا گیا جو کابل کے پرہجوم علاقہ سے گذر رہا تھا ۔ اس حملے میں تین بیرونی کنٹراکٹرس کے بشمول 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام نے کہاکہ خودکش بم بردار نے یہ حملہ دارالحکومت کابل کے ہمسایہ علاقہ میں واقع خانگی ہاسپٹل کے قریب کیا۔ دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ اس سے سارے کابل میں سنسنی پھیل گئی ۔ اس بم حملے میں کم از کم 9 افغان شہری ہلاک ہوئے اور ایک بیرونی شہری کے علاوہ دیگر 60 افراد زخمی بتائے گئے ہیں۔ وزارت صحت کے ترجمان وحیداﷲ نے بتایا کہ دھماکے کی شدت سے سارے علاقہ میں سراسمیگی پیدا ہوگئی تھی ۔ امریکی کرنل برین ٹریبس ناٹو ترجمان نے کہاکہ اس حملے میں تین بیرونی کنٹراکٹرس بھی مارے گئے ہیں ۔اُنھوں نے اس تعلق سے مزید تفصیل نہیں بتائی ۔ اس طرح کے حملوں کے بعد عام طورپر متضاد اطلاعات موصول ہوتی ہیں ۔ وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نجیب دانش نے کہاکہ حملے سے ایک درجن سے زائد شہریوں کی موٹر گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ حملے کی کسی نے بھی فوری طورپر ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ اگرچہ کہ طالبان نے افغان سکیورٹی فورسس پر اپنے حملوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ جب سے امریکہ ناٹو افواج نے اپنے جنگی مشن کو ختم کیا ہے اس ملک میں طالبان کے حملے شدت اختیار کرگئے ہیں۔ انتہاپسندوں نے حالیہ ہفتوں کے دوران کابل میں سلسلہ وار دھماکے کئے تھے ۔ طالبان سربراہ ملا عمر کے انتقال کی خبر کے بعد حملوں میں شدت پیدا ہوئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT