Monday , August 21 2017
Home / ہندوستان / کابینی ردو بدل ووٹ حاصل کرنے کی کوشش

کابینی ردو بدل ووٹ حاصل کرنے کی کوشش

کابینہ چاپلوسوں اور نفرت پھیلانے والوں کا مجموعہ : کانگریس
نئی دہلی 5 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج مرکزی کابینہ میں توسیع کو ووٹ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ توسیع اور رد و بدل ملک کی اہم ریاستوں اتر پردیش ‘ مدھیہ پردیش ‘ راجستھان اور گجرات میں اسمبلی انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کی گئی ہے ۔ پاری ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ کابینہ میں رد و بدل اور توسیع کا محض شور شرابہ تھا اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کی اہمیت کم ہوگئی ہے اور بی جے پی میں صلاحیتوں اور تجربہ کا فقدان ہے ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم مودی در اصل اقربا پروری ‘چاپلوسوں ‘ غیر کارکردوں اور نفرت پھیلانے والوں کا مجموعہ بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بشمول مرکزی کابینہ 79 رکنی ہوگئی ہے اور اس کے نتیجہ میں مودی کا یہ بلند بانگ دعوی بھی کھوکھلا ثابت ہوا کہ کم سے کم حکومت اور زیادہ سے زیادہ حکمرانی پر توجہ دی جائیگی ۔ انہوں نے حکومت کیلئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے سوال کیا کہ سبرامنین سوامی کا کیا ہوگا ؟ جو ملک کے وزیر فینانس بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ میں اس توسیع اور رد و بدل کا واحد مقصد صرف بی جے پی کیلئے اتر پردیش ‘ راجستھان ‘ مدھیہ پردیش میں ووٹ حاصل کرنا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT