Monday , August 21 2017
Home / Top Stories / کارتی چدمبرم اور دیگر کیخلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا کیس درج

کارتی چدمبرم اور دیگر کیخلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا کیس درج

قانون انسداد غیر قانونی رقمی لین دین کے تحت کارروائی، مختلف ملزمین کے اثاثہ جات کی قرقی کا بھی اندیشہ
نئی دہلی 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کے فرزند کارتی چدمبرم اور دیگر کے خلاف ایک حالیہ سی بی آئی ایف آئی آر کا نوٹ لیتے ہوئے غیرقانونی رقمی لین دین کا کیس درج رجسٹر کرلیا ہے۔ عہدیداروں نے کہاکہ مرکزی تحقیقاتی ادارے نے انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ درج رجسٹر کی جو پولیس ایف آئی آر کا ای ڈی مماثل ہوتا ہے۔ یہ رپورٹ سی بی آئی کی شکایت میں نامزد ملزمین کے خلاف درج ہوئی جن میں کارتی، آئی این ایکس میڈیا اور اُس کے ڈائرکٹرس پیٹر اور اندرانی مکرجی اور دیگر شامل ہیں۔ عہدیداروں نے کہاکہ ای سی آئی آر کا اندراج قانون انسداد غیر قانونی رقمی لین دین کے دفعات کے تحت ہوا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ای ڈی اِس کیس میں جرم سے حاصل کردہ مبینہ آمدنی کی تحقیقات کرے گی اور ہوسکتا ہے مختلف ملزمین کے اثاثہ جات قرق بھی کرلئے جائیں۔ ای ڈی نے ہی آئی این ایکس میڈیا کی جانب سے کی گئی مبینہ غیر قانونی ادائیگیوں کے تعلق سے اطلاع فراہم کی تھی جس کی بنیاد پر سی بی آئی نے اپنا ایف آئی آر داخل کیا تھا۔ منگل کو سی بی آئی نے 4 شہروں میں واقع کارتی کی قیامگاہوں و دفاتر پر تلاشی مہم چلائی اور پیٹر و اندرانی مکرجی کی ملکیت والی میڈیا فرم سے مبینہ طور پر حاصل شدہ رقم کو تلاش کیا گیا۔ چدمبرم نے اپنے خلاف عائد تمام الزامات کی تردید کی ہے۔

سی بی آئی نے کارتی اور پیٹر و اندرانی مکرجی کے خلاف مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی، غیر قانونی رقم کی حصولی، سرکاری عہدیداروں پر اثر انداز ہونے اور مجرمانہ برتاؤ کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر داخل کی تھی۔ یہ بھی الزام ہے کہ کارتی نے آئی این ایکس میڈیا سے رقم وصول کی تاکہ اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے اِس فرم کے خلاف ٹیکس سے متعلق تحقیقات میں اُلٹ پھیر کردیا جائے۔ بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق ادارہ کے قواعد و شرائط کی خلاف ورزی پر اِس فرم کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی تھی۔ سی بی آئی نے 10 لاکھ روپئے بھی ووچرس بھی برآمد کئے جو مبینہ طور پر اِن خدمات کے لئے ادا کئے گئے۔ یہ ووچرس اڈوانٹیج اسٹراٹیجک کنسلٹنگ (پی) لمیٹیڈ کے حق میں جاری کئے گئے جو بالواسطہ طور پر کارتی کی ملکیت والی فرم ہے۔ 16 مئی کو سی بی آئی کی تلاشی مہم کے بعد سینئر چدمبرم نے اِن دھاوؤں کے ردعمل میں  سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت سی بی آئی اور دیگر ایجنسیز کو استعمال کرتے ہوئے اُن کے فرزند کو نشانہ بنارہی ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر نے کہا تھا کہ ایف آئی پی بی منظوری سینکڑوں معاملوں میں دی جاچکی ہے۔ سی بی آئی کی ایف آئی آر کارتی، اُن کی کمپنی چیس مینجمنٹ سرویسس، دونوں مکرجی (جو اپنی بیٹی شینا بورا کے قتل کے الزامات پر جیل میں ہیں) آئی این ایکس میڈیا، اڈوانٹیج اسٹراٹیجک کنسلٹنگ سرویسس اور اِس کے ڈائرکٹر پدم وشواناتھن کے خلاف بنائی گئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT