Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / کارپوریٹ اسکولس میں بچوں کے داخلوں کیلئے اساتذہ سے مارکیٹنگ

کارپوریٹ اسکولس میں بچوں کے داخلوں کیلئے اساتذہ سے مارکیٹنگ

ٹیچرس دربدر پھرنے پر مجبور ، مقدس پیشہ کا استحصال ، عدم داخلوں پر اساتذہ کی خدمت کو ختم کرنے کا انتباہ
حیدرآباد۔22مارچ(سیاست نیوز) شہر میں چلائے جا رہے وہ کارپوریٹ اور خانگی اسکول جو اپنے اساتذہ کو اسکول کی مارکٹنگ اور داخلوں کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے دربدر روانہ کر رہے ہیں وہ نہ صرف اپنی فکری پستی کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ اساتذہ کی عظمت کو گھٹانے کے مرتکب ہونے لگے ہیں۔ دونوں شہروں میں اسکول میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ سے اسکول میں داخلوں اور اسکول کی مارکٹنگ کے لئے خدمات حاصل کئے جانے کی کئی شکایات موصول ہونے لگی ہیں اور اسکول انتظامیہ اساتذہ کو اسکول کی تشہیر کیلئے گھر گھر گھومنے پر مجبور کرنے لگا ہے۔ چند برس قبل ایک کارپوریٹ تعلیمی ادارہ نے تعطیلات کے دوران اساتذہ سے ان خدمات کے حصول کو ممکن بنایا اور جو اساتذہ داخلہ حاصل کرنے میں ناکام رہے انہیں ایک ماہ کی تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں جس پر اساتذہ نے سڑک  پر راستہ روکو احتجاج منظم کیا تھا اور صحافت کی مداخلت کے بعد ان کا یہ مسئلہ حل کیا گیا لیکن جاریہ سال گرمائی تعطیلات سے قبل ہی اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ اسکول انتظامیہ اپنے اسکول میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو تشہیری سرگرمیوں میں ملوث کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند بنانے کی کوشش کررہا ہے کہ وہ گرمائی تعطیلات کے دوران اپنے اسکول کے قریبی علاقو ںمیں گھروں پر جائیں اور اسکول کے لئے داخلہ حاصل کرنے کی کوشش کریںاورایک ٹیچر کم از کم 10داخلہ کروانے میں کامیاب ہونے کی صورت میںہی  آئندہ تعلیمی سال کے دوران ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی بصورت دیگر ان کی اسکول میں جاری خدمات سے دستبرداری اختیار کرلی جائے گی۔اسکول انتظامیہ کی جانب سے اساتذہ کو گھروں پر اسکول کی مارکٹنگ کیلئے روانہ کیا جانا ان کی توہین اور ان کی عظمت کے منافی ہے کیونکہ ہر مذہب میں استاد کو انتہائی اہم ترین مقام پر فائز رکھا گیا ہے اور اس منصب پر فائز شخص یا خاتون کی عظمت کو برقرار رکھنا تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو ایسی صورت میں طلبہ میں بھی اساتذہ کا وقار برقرار رہنا مشکل ہوتا چلا جائے گا جو کہ نسلوں کے بگاڑ کا سبب بنے گا۔ پرانے شہر کے اسکولوں سے بھی اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ پرانے شہر میں چلائے جانے والے خانگی اسکول انتظامیہ بھی ان کارپوریٹ اسکولوں کے نقش قدم پر گامزن ہیں جو اساتذہ کے ذریعہ داخلہ حاصل کرنے کیلئے اساتذہ کو تشہیر کیلئے روانہ کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT