Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / کار حج ہاوز کے باہر پارک کرنے پر رکن اسمبلی کی برہمی

کار حج ہاوز کے باہر پارک کرنے پر رکن اسمبلی کی برہمی

حیدرآباد۔/23اپریل، ( سیاست نیوز) ’’ رزق دینے والا اللہ ہے اور کوئی بھی کسی کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا۔‘‘ یہ جملہ پولیس کے ایک عہدیدار نے اس وقت ادا کیا جب حج ہاوز میں اقامتی اسکولس کی تقریب کے موقع پر مقامی جماعت کے رکن اسمبلی اپنی کار کو عمارت کے باہر کئے جانے پر برہمی کا اظہار کررہے تھے۔ تقریب کے اختتام کے بعد رکن اسمبلی اپنے ساتھی ایم ایل سی کے ساتھ نکلے تو انہوں نے گاڑی کو عمارت کے باہر پایا۔ وہ وہاں موجود پولیس عہدیداروں پر برہم ہوگئے کہ کس طرح ان کی گاڑی کو باہر کردیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر، ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن کی گاڑیوں کے سبب عہدیداروں سمیت ان کی گاڑی گیٹ کے باہر پارک کی گئی ہے۔ اس پر برہم ہوکر رکن اسمبلی نے کچھ ریمارکس کئے جس پر ایک عہدیدار نے جواب دیا کہ ’’ رزق کا دینے والا اللہ ہے اور کوئی بھی اسے روک نہیں سکتا۔‘‘ رکن اسمبلی برہمی کے عالم میں آئے اور ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن اے کے خاں سے اس کی شکایت کی۔ اے کے خاں نے یہ کہتے ہوئے خود کو تنازعہ سے بچالیا کہ ان کا تعلق لاء اینڈ آرڈر پولیس سے نہیں ہے لہذا وہ کچھ نہیں کرسکتے۔ ان سے شکایت کرنا بھی بیکار ہے۔ اے کے خاں نے ڈپٹی چیف منسٹر سے شکایت کرنے کا مشورہ دیا۔ رکن اسمبلی نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی توہین کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ آئندہ تقاریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ اس کے بعد دونوں عوامی نمائندے تشہیری گاڑیوں کو روانہ کرنے کی تقریب میں شریک ہوئے بغیر ہی روانہ ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT