Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / کاش عامر کیساتھ انگلینڈ کیخلاف بولنگ کر سکتا : آصف

کاش عامر کیساتھ انگلینڈ کیخلاف بولنگ کر سکتا : آصف

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھ سال بعد دوبارہ لارڈز کے تاریخی میدان پر آمنے سامنے آنے کو تیار ہیں اور ایک مرتبہ پھر سب کی نظروں کا محور اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ محمد عامر ہوں گے۔ چھ سال قبل 2010ء کے لارڈز ٹسٹ میں کپتان سلمان بٹ اور ساتھی کھلاڑی محمد آصف کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث عامر کو پابندی کے ساتھ ساتھ جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔ تاہم عامر سزا کی تکمیل کے بعد پاکستانی ٹیم میں واپسی کے بعد اب پہلی مرتبہ ٹسٹ کرکٹ میں بھی واپسی کر رہے ہیں۔ ایک ایسے موقع پر جب عامر لارڈز ٹسٹ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ان کے سابق ساتھی آصف نے عامر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عامر نے جو پہلے کیا (عمدہ گیندبازی) وہ دوبارہ کر سکتے ہیں۔ انگلش کنڈیشنز اُن کیلئے بہت مددگار ہوں گی، مجھے ان سب کی کمی محسوس ہو گی۔ ’بی بی سی‘ کو انٹرویو میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ عامر انگلینڈ کیلئے مشکلات کھڑی کرے گا اور کہا کہ ’’کاش میں عامر کے ساتھ انگلینڈ کیخلاف بولنگ کر سکتا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میں انگلش کنڈیشنز میں بولنگ کرنا بہت پسند کرتا۔ میں دونوں جانب گیند سوئنگ کر سکتا ہوں۔ ایک سو رنز کی شراکت لگ چکی ہو لیکن اچانک آسمان پر بادل چھا جائیں، گیند سوئنگ ہونا شروع جاتی ہے اور پھر آپ کو جلد ہی پانچ سے چھ وکٹیں مل جاتی ہیں۔ 23 ٹسٹ میچوں میں 106 وکٹیں لینے والے آصف پر جب پیسوں کے عوض جان بوجھ کر ’نوبال‘ کرنے کے الزام میں پابندی عائد کی گئی اس وقت وہ دنیا کے دوسرے بہترین بولر تھے۔ آصف کی پابندی کا خاتمہ تو گزشتہ سال ہو گیا لیکن عامر کی طرح ان پر عالمی کرکٹ کے دروازے اب تک نہیں کھلے اور موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے ایسا جلد ہوتا ممکن نظر نہیں آتا۔ 33 سالہ فاسٹ بولر اس وقت ستمبر میں شروع ہونے والے پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں شرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے فٹنس کے حصول کیلئے ناروے میں کلب کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کے ذریعے دورۂ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا ٹور کیلئے پاکستانی ٹیم میں انتخاب کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اگلے سیزن کو اپنے لئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں واپس آنا چاہتا ہوں اور اچھے اور عالمی معیار کی کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں ،لہٰذا مجھے سخت محنت کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT