Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / کالے دھن کو سفید کرنے کے الزام میں 11ملازمین کیخلاف کارروائی

کالے دھن کو سفید کرنے کے الزام میں 11ملازمین کیخلاف کارروائی

جے پور،23نومبر(سیاست ڈاٹ کام)جے پور سٹی ٹرانسپورٹ سروس لیمیٹڈ نے نوٹوں کی منسوخی کے بعدڈیپو کے تین ملازمین کو کالے دھن کو سفید بنانے کے الزام میں معطل کرنے سمیت 11لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہے ۔جی سی ٹی ایس ایل کی جنرل منیجر آکانشا چودھری نے آج یہاں بتایا کہ ایک خاتون آپریٹر کی شکایت پر ودیادھر نگر اور سانگانیر ڈیپو پر کی گئی جانچ میں یہ انکشاف ہونے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خاتون آپریٹر نے شکایت کی تھی کہ کرائے کے طورپر چھوٹی رقم جمع کرانے کے باوجود ڈیپو کیشیئر کے ذریعہ 500اور 1000روپے کے نوٹ جمع کرانے کا دباؤ بنایا جاتا ہے جبکہ اس نے کرائے کے طورپر 500،10،20،50اور 100 کی رقم جمع کرائی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس شکایت کی محکمے اور بدعنوانی محکمے کے ذریعہ جانچ کی گئی۔جانچ میں اس کی تصدیق ہونے کے بعد ودیادھر نگر کے تین ملازمین کو معطل کیا گیا اور تین دیگر کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے ۔اس کے علاوہ سانگانیر ڈیپو میں تعینات پانچ ملازمین کوان کے بنیادی محکمے میں بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ راجستھان روڈویز کے منیجر سے ان ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کے ذریعہ نوٹوں کی منسوخی کے بعد تین دنوں تک کرائے کے طورپر چھوٹے نوٹوں والی رقم کو بڑے نوٹوں میں تبدیل کرنے کا کام کیا گیا۔ا س دوران ملازمین کے ذریعہ ودیا دھر نگر ڈیپو میں چار لاکھ اور سانگانیر ڈیپو سے آٹھ لاکھ روپے کے چھوٹے نوٹوں کو بڑے نوٹوں میں تبدیل کیا گیا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوٹ بدلنے کا کام 11نومبر تک ہی ہوا تھا۔ محترمہ چودھری نے بتایا کہ سانگانیر ڈیپو میں ہوئی دھاندلی سے متعلق دستاویز کی جانچ اینٹی کرپشن بیورو کے ذریعہ کی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT