Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / کامت اور نیروپم کے اختلافات کی یکسوئی کے اقدامات

کامت اور نیروپم کے اختلافات کی یکسوئی کے اقدامات

ممبئی ۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی نے ممبئی کانگریس میں گروہ بندی کے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے اپنی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ انہوں نے کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری گرداس کامت اور صدر ممبئی کانگریس سنجے نروپم سے علحدہ علحدہ طور پر تبادلہ خیال کیا تاکہ پیر کے دن ایک اجلاس طلب کرکے ان کے اختلافات ختم کرنے کی کوشش کی جائے۔ کامت سابق صدر ممبئی کانگریس ہیں۔ انہیں نروپم کے اندازکارکردگی پر سخت اعتراض ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ راہول گاندھی کے اصرار پر یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ممبئی کانگریس کو مل جل کر کام کرنا چاہئے تاکہ سینا ۔ بی جے پی اتحاد کا کانگریس کی جانب سے بھرپور مقابلہ کیا جاسکے۔ فبروری 2017ء میں مجلس بلدیہ ممبئی کے انتخابات مقرر ہیں۔ باہمی اختلافات کے نتیجہ میں مخالف اتحاد کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ بعدازاں کامت نے پارٹی کی تنظیم کی حوصلہ افزائی کے لئے صدر ممبئی بی جے پی اشیش شیلر کی قیامگاہ کے روبرو ایک پرہجوم مورچہ منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ ایک دن قبل ہی سنجے نروپم نے ہتاتما چوک میں ایک خاموش جلوس نکالا تھا۔

TOPPOPULARRECENT