Saturday , August 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / کامیابی میں بولروں اور فیلڈروں کا کلیدی رول : کوہلی

کامیابی میں بولروں اور فیلڈروں کا کلیدی رول : کوہلی

لندن، 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیمپئنز ٹرافی کے ایک انتہائی اہم مقابلے میں جنوبی افریقہ پر آٹھ وکٹ کی شاندار فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بولروں اور فیلڈروں نے واقعی لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ سری لنکا کے خلاف گزشتہ میچ میں انتہائی ناقص کارکردگی کرنے والے ہندوستانی بولروں اور فیلڈروں نے اس میچ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی مضبوط سمجھے جانے والے بیاٹنگ کو تہس نہس کرتے ہوئے انہیں صرف 191 رن پر ڈھیر کردیا تھا اور بعد میں دو وکٹ پر یہ ہدف حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کا داخلہ حاصل کرلیا۔ ٹیم کی اس شاندار کامیابی سے حوصلہ پاکر کپتان کوہلی نے میچ کے بعد کہا ہمارے لئے میچ میں سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا۔ ہم نے ٹاس جیتا، وکٹ گزشتہ میچ سے کچھ بھی مختلف نہیں تھی اور بیاٹنگ کے لیے بہترین تھی۔ ہمارے بولروں نے فیلڈروں کے بے پناہ حمایت کے درمیان زبردست مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بیٹسمنوں کو باندھے رکھا اور بالآخر انہیں کم اسکور پر سمیٹ دیا۔کپتان نے کہاکہ گزشتہ میچ میں سمت سے بھٹکے بولروں نے اس میچ میں واپسی کرتے ہوئے نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کی۔ فیلڈروں نے بھی چستی دکھاتے ہوئے بولروں کے لئے مواقع پیدا کئے ۔ ہمیں میچ میں بہت سے موقع ملے جن میں سے بیشتر کو ہم نے کارآمد بنایا۔ ہمارے لئے سب سے اچھی بات یہ رہی کہ ہم دھماکہ خیز بیٹسمین اے بی ڈی ولیرس کو جلد آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے ۔ کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹورنمنٹ میں مسلسل بہترین بیاٹنگ کر رہے اوپنر شکھر دھون کی بھی دل کھول کر تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ بولروں نے ٹیم کے لئے جو بہترین بنیاد رکھی تھی اس پر شکھر نے شاندار طریقے سے چل کر جیت کی منزل حاصل کی۔ ہمیں امید ہے کہ وہ آگے کے میچوں میں بھی ایسی ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔ شکھر نے میچ میں شاندار 78 رن کی اننگز کھیلی تھی۔انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقہ جیسی مضبوط ٹیم پر بڑی کامیابی حاصل کرنے سے یقینی طور پر ہمارے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔سری لنکا کے خلاف گزشتہ میچ کی شکست سے کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہے ۔ ہم پھر سے کامیابی کی سمت لوٹ آئے ہیں اور اس سلسلہ کو آگے بھی جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ میچ میں 28 رن دے کر دو وکٹ لے کر مین آف دی میچ بنے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے کہاکہ یہ ہمارے لئے بے حد اہم مقابلہ تھا۔ ہمیں اس میں حکمت عملی بناکر کھیلنے کی ضرورت تھی۔ ہم نے ایسا کیا اور ایک یادگار فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہے ۔ بمرا نے کہاکہ میں اپنے مظاہرہ سے مطمئن ہوں۔ میچ میں گیند کو زیادہ سوئنگ نہیں مل رہی تھی۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے میں نے صحیح لائن اور لینتھ میں بولنگ کی اور بیٹسمنوں کو زیادہ رن نہ دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ہمارے لئے ٹاس جیتنا بھی اہم رہا۔

TOPPOPULARRECENT