Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / کامیابی کیلئے 284 رنز کے جواب میں انگلینڈ 46/2

کامیابی کیلئے 284 رنز کے جواب میں انگلینڈ 46/2

شارجہ ۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف یہاں جاری تیسرے ٹسٹ کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم نے مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے جیسا کہ دن کے اختتام پر انگلش ٹیم کامیابی کیلئے 284 رنز کے تعاقب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 46 رنز اسکور کرلئے ہیں لیکن اسے مقابلے میں کامیابی اور سیریز کو برابر کرنے کیلئے آخری دن ہنوز 238 رنز اسکور کرنے ہیں۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم جو پہلے ہی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرچکی ہے وہ آخری دن 8 وکٹوں کے حصول کیلئے پرعزم ہے۔ انگلش ٹیم کو دوسری اننگز میں دو نقصانات اپنے کیرئیر کا آخری ٹسٹ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی شعیب ملک نے پہونچائے ہیں، جیسا کہ انھوں نے 7 اوور میں 8 رنز دے کر یہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دن کے اختتام پر انگلش کپتان الیسٹر کک 49 گیندوں میں 17 رنز اور جی او روٹ 25 گیندوں میں 6 رنز بناکر موجود تھے ۔ قبل ازیں پاکستان نے اوپنر محمد حفیظ کی جانب سے 266 گیندوں میں 15 چوکوں اور تین چھکوں پر مشتمل اننگز میں 151 رنز کی بدولت دوسری اننگز میں 355 رنز اسکور کئے اور اس طرح انگلینڈ کو کامیابی کیلئے 284 رنز کا نشانہ دیا ۔ پاکستان کیلئے دیگر بیٹسمینوں میں مصباح الحق (38) ، اسد شفیق (46) ، سرفراز احمد (36) اور وہاب ریاض (21) نے مختصر لیکن ٹیم کو کامیابی دلوانے والے رنز کا اضافہ کیا ۔ انگلینڈ کیلئے فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ اور جیمس اینڈرسن کی جوڑی کامیاب ثابت ہوئی جیسا کہ براڈ نے 23 اوور میں 44 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ علاوہ ازیں اینڈرسن نے 26 اوورس میں 52 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ مہمان ٹیم میں شامل اسپنرس میں سمیت پٹیل نے 19 اوورس میں 79 ، معین علی 21.2 اوورس میں 72 اور عادل رشید نے 29 اوورس میں 97 رنز کے عوض فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT