Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / کامیابی کے لئے مقصد پر توجہ اور مشکل کا حل پیش کرنا ضروری

کامیابی کے لئے مقصد پر توجہ اور مشکل کا حل پیش کرنا ضروری

اُردو یونیورسٹی میں ملازمت کی مہارتوں کے عنوان پر خصوصی لکچر
حیدرآباد ، 22؍ اپریل (پریس نوٹ) ’’طلبہ کو تعلیمی دور میں ایسے دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو ان کے مستقبل کا فیصلہ ان کی مرضی کے خلاف کرتے ہیں۔ افراد کے ضائع ہونے کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ان کی پسند اور مہارت کسی اور میدان میں ہوتی ہے اور وہ مختلف اسباب کی وجہ سے دوسرا میدان اختیار کرتے ہیں اور اپنی مہارت یا مقصد کا سودا کرلیتے ہیں۔ جب کہ کامیاب افراد اپنے مقصد کو سامنے رکھتے ہیں۔ دولت کمانا ان کا ہدف نہیں ہوتا، لیکن مقصد کے حصول کے ساتھ دولت ان کو خود حاصل ہوجاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار شعبہ اسلامک اسٹڈیز، مانو میں جناب سید بشیر الدین عمران (ڈائریکٹر IHEPM) نے اپنے خصوصی لکچر میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو اپنے کیریر سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ اپنے اختصاص سے رابطہ میں رہنا چاہئے اور روز انہ عملی میدان میں کم از کم ایک گھنٹہ دینا چاہئے اور اس بات کی کوشش کرنی چاہئے کہ ہم کیا حل پیش کرسکتے ہیں اور کیا نئی چیز ایجاد کرسکتے ہیں۔ ان دونوں تک پہونچنے کے لئے مشکل کو پہچاننا ضروری ہے، بلکہ مشکل کو دریافت کرنا حل ڈھونڈنے سے زیادہ محنت طلب ہے۔ اور ملازمت کے دوران جذبات کو کنٹرول کرنے پر زور دیا۔ صدر شعبہ ڈاکٹر محمد فہیم اختر نے کہا کہ طلبہ کے لئے تعلیمی دور کے بعد بہت سے مسائل در پیش ہوتے ہیں۔ مسئلہ کو موقع میں تبدیل کرنے کا گر ہمیں سیکھنا چاہئے اور مسائل کی دریافت اور ان کے مناسب حل پر توجہ مرکوز کرنی چاہے۔ خطاب کے بعد سوالات کئے گئے، پروگرام کا آغاز محمد یزدانی کی تلاوت قرآن مجید سے ہوا، نظامت کے فرائض مولانا سید عبد الرشید نے انجام دئے۔

TOPPOPULARRECENT