Tuesday , August 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کامیاب حکمرانی کیلئے غریبوں پر توجہ ضروری

کامیاب حکمرانی کیلئے غریبوں پر توجہ ضروری

کاغذنگر۔25مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد رضی حیدر سینئر ایڈوکیٹ و قومی نائب صدر مہاجنا سوشلسٹ پارٹی نے پریس کلب میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت غریبوں کی بہی خواہ بالکل نہیں ہوسکتی ۔ حکومت جو بھی وعدے کررہی ہے صرف دکھاوے کے لئے ہے ۔ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی کی تنخواہ 3لاکھ پچار ہزار روپئے مقرر کررہے ہیں جس سے عوام کے پیسہ کا غلط استعمال ہورہا ہے ۔ سارے ہندوستان میں کسی بھی رکن اسمبلی یا رکن پارلیمنٹ کی اتنی تنخواہ نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے یہ بات مینی فیسٹو میں الیکشن سے قبل کہی تھی ‘ موصوف جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کیلئے کوشاں نہیں ہیں بلکہ عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے نئے نئے منصوبہ بنارہے ہیں ۔ اگر انہیں عوام سے ہمدردی ہوتی تو محکمہ بلدیہ اور گرام پنچایت کے ملازمین ‘ آشا ورکرس اور آنگن واڑی کے ملازمین کے مسائل کا حل ڈھونڈ نکالتے ۔ چند رشیکھر راؤ کے دور میں غریب اور غریب ہوتا جارہا ہے ‘ امیر اور زیادہ امیر ہورہا ہے ۔ اگر واقعی انہیں غریبوں سے ہمدردی ہوتو سفید راشن کارڈ پر جو فی کس چھے کلو چاول راشن شاپس سے سربراہ کئے جارہے ہیں وہ فی کس پندرہ کلو کردے‘ غریب تو خوش ہوگا ۔ جناب رضی حیدر نے کہا کہ حکومت قرضہ جات کا جو اعلان کرچکی ہے یہ اسکیم بھی ناکام ہوجائے گی ۔ غریب اور مستحق افراد کو قرضہ جات نہیں ملیں گے بلکہ سیاسی قائدین کے بہی خواہوں اور ارکان اسمبلی کے چاہنے والوں ‘ میونسپل چیرمین اور میونسپل کونسلرس کے قریبی لوگوں کو اور متعلقہ بینک کے کھاتہ داروں کو ہی قرضہ جات دستیاب ہوں گے ۔ اسی طرح ڈبل بیڈروم کے مکانات کی فراہمی بھی ایک غریب آدمی کیلئے جوئے شیرلانے سے کم نہیں ۔اس اسکیم میں بھی من مانی کی جارہی ہے ۔ کاغذنگر میں 160ڈبل بیڈروم مکانات میں صرف 17مسلمانوں کو دیئے جانے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات دلوانے کا انہوں نے وعدہ کیا تھا اس میں بھی تاخیر کی جارہی ہے ۔ سدھیر کمیشن کی ضرورت ہی نہیں تھی لیکن بات کو طول دینے کیلئے یہ حربہ استعمال کیا گیا ۔ مشن کاکتیہ اور بھگیرتا اسکیم کی ذمہ داری اپنے ہی گھر کے افراد کو دے کر وہ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی فیملی کے افراد ہی استفادہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے اگر چندر شیکھر راؤ اپنا رویہ بدل دیں اور غریبوں کی طرف توجہ دیں اور حکومت کی متعارف کردہ اسکیمات پر نظر رکھیں تو وہ ایک کامیاب حکمراں ثابت ہوسکتے ہیں ۔ اس موقع پر جناب محمد سجاد انصاری ڈسٹرکٹ سکریٹری ‘ جناب لیاقت علی ‘ جناب محمد نوشاد انصاری ‘ جناب تاج خان اور جناب محمد شفیع کے علاوہ دیگر اراکین موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT