Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس اور تلگودیشم قائدین عوام کی بھلائی کے دشمن

کانگریس اور تلگودیشم قائدین عوام کی بھلائی کے دشمن

حکومت کی ہر اسکیم کی مخالفت عادت بن گئی، ٹی ہریش راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/22اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم قائدین عوام کی بھلائی کے دشمن ہیں لہذا وہ ٹی آر ایس حکومت کی ہر اسکیم کی مخالفت کررہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم قائدین ہر ترقیاتی اسکیم کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور حکومت پر تنقیدوں کے ذریعہ عوام میں اُلجھن پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ایک سال کے عرصہ میں پسماندہ علاقوںکی ترقی اور غریبوں کی فلاح کیلئے کئی کام انجام دیئے اور عوام اس سے کافی خوش ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں اپنی مقبولیت میں کمی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم دور میں تلنگانہ کی ترقی کو نظر انداز کردیا گیا تھا، انہوں نے کہا کہ آندھرائی حکمرانوں نے کبھی بھی تلنگانہ کی ترقی پر توجہ نہیں کی۔ عثمانیہ ہاسپٹل کو عصری بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے جب ہاسپٹل کو ترقی دینے کی سمت پیشرفت کی تو اس کے خلاف عدالت میں شکایت کی گئی اور اس کام میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین اپنے الزامات کے ذریعہ عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کرتے ہوئے عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کا منصوبہ رکھتی ہے لیکن اپوزیشن اس راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کانگریس اور تلگودیشم قائدین سے سوال کیا کہ کیا غریبوں کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے وہ مخالف ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی فلاح و بہبود سے متعلق کسی بھی اسکیم کی مخالفت کرنا عوام دشمنی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی مقبولیت سے بوکھلا کر تنقیدوں کا راستہ اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں کو مکانات کی فراہمی کے علاوہ ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی اور مواضعات میں بلا وقفہ 24گھنٹے برقی سربراہی کیلئے منصوبہ بند اندازمیں کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کے فلاحی اقدامات سے تلنگانہ سے اپوزیشن جماعتوں کا صفایا ہوجائے گا۔

TOPPOPULARRECENT