Tuesday , June 27 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس تلنگانہ میں تلگو دیشم سے اتحاد کیلئے تیار

کانگریس تلنگانہ میں تلگو دیشم سے اتحاد کیلئے تیار

ٹی آر ایس اور بی جے پی کے مابین خفیہ ایجنڈہ: جئے پال ریڈی
حیدرآباد۔ 25 مئی (این ایس ایس ) کانگریس کے سینئر لیڈر ایس جئے پال ریڈی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کے مابین خفیہ ایجنڈہ کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے آج واضح طور پر کہا کہ ریاست میں تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ انتخابی اتحاد کیلئے کانگریس کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ گاندھی بھون میں آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جئے پال ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایک طرف وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ تعلقات استوار کررہے ہیں تو دوسری طرف قومی صدر بی جے پی امیت شاہ برعکس موقف اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے تلنگانہ دورہ سے بی جے پی کو کوئی فائدہ ہونے والا نہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ نے دستور کے مطابق فنڈس حاصل کئے ہیں۔ امیت شاہ نے جن اعداد و شمار کا حوالہ دیا ہے، وہ سب جھوٹے اور فرضی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے دورۂ تلنگانہ سے کے سی آر کا دوہرا معیار بے نقاب ہوگیا۔ جئے پال ریڈی نے کہا کہ کانگریس سوائے ٹی آر ایس اور بی جے پی دیگر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ دوستانہ روابط رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی ہمارے لئے اچھوت نہیں ہے اور اگر وہ اتحاد کے بارے میں ازخود کوئی فیصلہ کرتی ہے تو کانگریس بھی اپنی پالیسی کا اعلان کرے گی۔ جئے پال ریڈی نے صدارتی امیدوار کے معاملہ میں کے سی آر سے اپنا موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے جاننا چاہا کہ کیا ٹی آر ایس اپوزیشن کے صدارتی امیدوار کی تائید کرے گی۔ جئے پال ریڈی نے مستقبل میں ٹی آر ایس کے بی جے پی میں انضمام کا امکان مسترد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس 2019ء اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس اور بی جے پی کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کے سی آر پر دوہرا معیار اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT