Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس سیکولر اور تمام طبقات کی پارٹی

کانگریس سیکولر اور تمام طبقات کی پارٹی

پارٹی کے یوم تاسیس پر مبارکباد ، تحفظات پر آر ایس ایس و بی جے پی کی سازش کا الزام، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کانگریس کو سیکولر اور سماج کے تمام طبقات کی جماعت قرار دیتے ہوئے کانگریس کی یوم تاسیس پر کانگریس کے تمام قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی ۔ تحفظات کو منسوخ کرنے کی سازش تیار کرنے کا آر ایس ایس اور بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے پارٹی پرچم لہرایا اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک ، قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن کونسل ، مسٹر محمد علی شبیر ، سابق مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی کانگریس کے ارکان راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ ، مسٹر آنند بھاسکر سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر انجن کمار یادو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخر الدین جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس مسٹر سید عظمت اللہ حسینی صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس مسٹر انیل کمار یادو صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل سکریٹریز تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ایم اے انصاری مسٹر صمد خاں ترجمان مسٹر ایس کے افضل الدین سابق کارپوریٹرس مسٹر ایس محمد واجد حسین ، مسٹر محمد شریف کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے جو کبھی اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرتی ۔ جنگ آزادی سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل تک کانگریس کی خدمات ناقابل فراموش ہے ۔ ملک کی ترقی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کانگریس پارٹی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ملک میں 130 سالہ تاریخ رکھنے والی کانگریس واحد سیکولر جماعت ہے ۔ مرکز میں بی جے پی اور ریاست میں ٹی آر ایس ایک منظم سازش کے تحت کانگریس کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہی ہیں مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ آر ایس ایس اور بی جے پی ایک منظم سازش کے تحت تحفظات کو برخاست کرنے کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے تاہم کانگریس پارٹی اس منصوبے میں بھی بی جے پی اور آر ایس ایس کو ہرگز کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے پر بی جے پی چراغ پا ہے اور انتقامی کارروائی کے تحت صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کانگریس پارٹی کے تمام قائدین کو نظریاتی اختلافات سے بالاتر کانگریس پارٹی کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے متحد ہوجانے اور پارٹی کو مستحکم کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے اس موقع پر سیوا دل کی تشکیل پر بھی کانگریس سیوا دل کے قائدین کو مبارکباد پیش کی ۔۔

TOPPOPULARRECENT