Wednesday , August 16 2017
Home / سیاسیات / کانگریس سے خارج 7 ارکان ‘ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی

کانگریس سے خارج 7 ارکان ‘ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی

جلد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرینگے ۔ شنکر سنہہ واگھیلا کا زعفرانی پارٹی میں شمولیت سے گریز
احمد آباد 11 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات میں کانگریس کے سات ارکان اسمبلی پارٹی سے اخراج کے بعد اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ ان ارکان کو راجیہ سبھا انتخابات میں پارٹی امیدوار احمد پٹیل کے خلاف ووٹ دینے پر پارٹی سے خارج کردیا گیا ہے ۔ اسپیکر اسمبلی رمن لال وورا نے ارکان کے مستعفی ہونے کی اطلاع دی ۔ گجرات میں باغیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کانگریس نے 9 اگسٹ کو ان ارکان اسمبلی کو چھ سال کیلئے پارٹی سے خارج کردیا تھا ان میں سابق قائد اپوزیشن شنکر سننہ واگھیلا اور سات ارکان اسمبلی شامل ہیں جنہوں نے 8 اگسٹ کو ہوئے راجیہ سبھا انتخابات میں احمد پٹیل کے خلاف ووٹ دیا تھا ۔ مسٹر وورا نے کہا کہ سات کانگریس ارکان اسمبلی نے انہیں کل رات ان کی قیامگاہ پہونچ کر اپنے استعفی پیش کردئے ہیں۔ سات ارکان اسمبلی میں واگھیلا کے فرزند مہیندر سننہ بھی شامل ہیں۔ دو کانگریس ارکان اسمبلی راگھوجی پٹیل اور بھولا بھائی گوہیل نے بھی اپنے استعفے پیش کردئے ہیں۔ ان دو ارکان کے ووٹوں کو ہی کانگریس نے الیکشن کمیشن سے رجوع ہوتے ہوئے کالعدم قرار دیا تھا اور اسی کی وجہ سے راجیہ سبھا انتخاب میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہوئی تھی ۔ جن دوسروں نے استعفے پیش کئے ہیں ان میں امیت چودھری ‘ سی کے راول جی ‘ درمیندر سنہہ جڈیجہ اور کرما سنہہ پٹیل شامل ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے تمام ارکان اسمبلی سے سوال کیا تھا کہ آیا وہ کسی دباؤ میں مستعفی ہو رہے ہیں جس پر تمام ارکان نے نفی میں جواب دیا تھا ۔ مہیندر سننہ واگھیلا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفے پیش کرنے کی رسمی کارروائی پوری کرلی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سات ارکان اسمبلی جنہیوں نے کل رات استعفی دیا ہے اور سابق میں پارٹی سے مستعفی ہونے والے چھ میں سے تین ارکان جلدی ہی بی جے پی میں شامل ہونگے ۔ مہیندر سنہہ واگھیلا نے تاہم کہا کہ پارٹی سے خارج کئے گئے آٹھ ارکان اسمبلی میں شامل ان کے والد شنکر سنہہ واگھیلا بی جے پی میں شامل نہیں ہونگے ۔ گجرات اسمبلی میں کانگریس کے 57 ارتکان تھے جبکہ گذشتہ مہینے چھ ارکان نے پارٹی سے استعفیٰ پیش کردیا تھا ۔ 8 اگسٹ کو کانگریس کے آٹھ ارکان اسمبلی نے بی جے پی امیدواروں کے حق میں راجیہ سبھا کیلئے ووٹ دیا تھا جس کے بعد انہیں 9 اگسٹ کو پارٹی سے خارج کردیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT