Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس سے نہیں ، پارٹی کے چند قائدین سے ناراضگی : ڈی ناگیندر

کانگریس سے نہیں ، پارٹی کے چند قائدین سے ناراضگی : ڈی ناگیندر

جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کو کامیاب بنانے کا عزم ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس حیدرآباد سٹی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 7 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ وہ کانگریس سے نہیں کانگریس کے چند قائدین سے ناراض ہیں ۔ ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ انہیں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی دعوت ملی تھی تاہم انہوں نے اس کو قبول نہیں کیا ہے ۔ گذشتہ چند دن سے کانگریس کے ہی چند قائدین ایک منظم سازش کے تحت انہیں پارٹی سے بیدخل کرنے کی خاطر ان کے خلاف پارٹی تبدیل کرنے کی افواہیں چلا رہے ہیں وہ کانگریس میں ہیں اور صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے انہیں صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی نامزد کیا ہے ۔ ان کی شناخت کانگریس سے ہی ہے ۔ ماضی میں بھی تلگو دیشم میں شامل ہونے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ تب کی صورت حال الگ تھی وہ صرف مجلس کو شکست دینے کے لیے تلگو دیشم میں شامل ہوئے تھے اور اپنے مقصد میں کامیاب بھی ہوئے بعد ازاں استعفیٰ دے کر دوبارہ کانگریس میں شامل ہوئے تھے ۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی نے تب انہیں وزارت کا پیشکش کیا تھا تاہم انہوں نے اس کو قبول نہیں کیا تھا ۔ مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں ان کے حدود میں مداخلت کی جارہی ہے ۔ جس پر وہ ناراض ہیں ۔ کانگریس پارٹی سے ان کی کوئی ناراضگی نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس میں ان کی شمولیت کے لیے بڑے بڑے پوسٹرس شائع ہونے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر ڈی ناگیندر نے کہا کہ اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد کے بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے وہ پوری جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس قائدین کا ایک اجلاس 8 دسمبر کو قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر کی قیام گاہ پر منعقد ہوگا جس میں مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ بعد ازاں وہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی سے ملاقات کرینگے ۔۔

TOPPOPULARRECENT