Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس قائدین کا دورہ سرسلہ محض ایک ڈرامہ

کانگریس قائدین کا دورہ سرسلہ محض ایک ڈرامہ

کے ٹی راما راؤ کی امیج متاثر کرنے کی سازش ، راجندر ریڈی اور بی سمن کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی سمن ، گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی اور ارکان مقننہ جی بال راجو ، گنگا دھر گوڑ ، کے پربھاکر اور بھانو پرساد نے دلتوں کے نام پر سرسلہ میں کانگریس پارٹی قائدین کے دورہ کو محض ایک ڈرامہ قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے یہ سازش کی گئی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو اچانک دلتوں سے ہمدردی ہوچکی ہے اور سابق اسپیکر میرا کمار کو سرسلہ کا دورہ کراتے ہوئے مگرمچھ کے آنسو بہائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے ڈرامہ کا ڈائرکشن دہلی سے کیا گیا جبکہ کانگریس قائدین نے گلی میں ایکشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور بین الاقوامی سطح پر امیج میں اضافہ کیلئے کے ٹی راما راؤ کی مساعی ذمہ دار ہے اور اپوزیشن جماعتیں کے ٹی آر کی مقبولیت سے خوفزدہ اور بوکھلاہٹ کا شکات ہیں ۔ سمن نے کہا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں مختلف طبقات کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ اس نے کبھی کبھی دلتوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ رکن پارلیمنٹ نے دلتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں کانگریس اور ٹی آر ایس کے اقدامات پر کھلے مباحث کا چیلنج کیا ۔ سمن نے دھمکی دی کہ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کے خلاف الزام تراشی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ٹی آر ایس کیڈر منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ میں ایک معمولی واقعہ کو دلتوں پر مظالم کے طور پر پیش کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے تلگو دیشم قائد ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی سیاسی ساکھ بچانے کیلئے حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ رکن کونسل بھانو پرساد نے کہا کہ عوام کو کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان پر مکمل بھروسہ ہے اور آ ئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی دوبارہ کامیابی یقینی ہے۔ رکن کونسل گنگا دھر گوڑ نے کہا کہ میرا کمار کے ذریعہ بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے جبکہ وہ حقیقت سے لاعلم ہے۔ گورنمنٹ وہپ ای راجیشور ریڈی نے کہا کہ اراضیات کے اسکام کے سلسلہ میں اصل ملزمین کانگریس قائدین ہیں۔ دلتوں کی آڑ میں کانگریس پارٹی نچلی سیاست کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کے ذریعہ پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے والی کانگریس پارٹی کو حکومت پر تنقید کا کوئی حق حاصل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس لاکھ سازش کرلے ، مخلوعہ سرکاری جائیدادوں پر بھرتی اور پراجکٹس کی تکمیل کو ٹی آر ایس حکومت یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کا شمار عوام کے نزدیک تلنگانہ کے غداروں میں ہوتا ہے کیونکہ وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ قائدین نے کہا کہ 2024 ء تک بھی کانگریس پارٹی کا اقتدار میں واپسی کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ رکن اسمبلی بال راجو نے کہا کہ کے سی آر دلتوں کے حقیقی ہمدرد ہیں۔

TOPPOPULARRECENT