Wednesday , September 27 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس قائد ایم نرسمہا یادو کی ٹی آر ایس میں شمولیت

کانگریس قائد ایم نرسمہا یادو کی ٹی آر ایس میں شمولیت

کوکٹ پلی حلقہ اسمبلی سے سینکڑوں افراد کی آمد ، وزراء نے خیر مقدم کیا
حیدرآباد ۔ 14۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کوکٹ پلی اسمبلی حلقے سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے اہم قائد ایم نرسمہا یادو نے آج اپنے حامیوں کے ساتھ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ بھون میں تقریب منعقد ہوئی ۔ ریاستی وزیر پنچایت راج کے ٹی راما راؤ اور وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے نرسمہا یادو اور ان کے حامیوں کا استقبال کیا اور انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ایم کرشنا راؤ اور ٹی آر ایس کے دیگر قائدین موجود تھے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی کرشنا راؤ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ٹی آر ایس کافی مستحکم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے شہری علاقوں کے عوام کافی خوش ہیں اور آئندہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تمام مستحق افراد کو حکومت ڈبل بیڈروم کا مکان فراہم کرے گی۔ سابق حکومتوں پر شہر کے غریب عوام کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ چیف منسٹر حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور اس کے لئے منصوبہ سازی کی گئی ہے ۔ شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی پراجکٹس کے آغاز کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگو دیشم قائدین حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ وزراء کے ٹی آر اور مہیندر ریڈی نے شہر کے اہم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا استقبال کیا اور کہا کہ اس سے عوام میں پارٹی کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT