Wednesday , September 20 2017
Home / Top Stories / کانگریس میں گروپ بند یتشدد میں تبدیل‘ کئی افرادزخمی

کانگریس میں گروپ بند یتشدد میں تبدیل‘ کئی افرادزخمی

صدر سٹی کانگریس حیدرآباد ڈی ناگیندر پر ٹماٹر اور انڈوں سے حملہ ‘ پولیس میں شکایت
حیدرآباد۔28ڈسمبر ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی میں سرحد کا تنازعہ آج اُپل میں تشدد میں تبدیل ہوگیا ۔ ضلع رنگاریڈی کانگریس صدر مسٹر ملیش کے حامیوں نے صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر پر ٹماٹر اور انڈوں سے حملہ کیا ۔دونوں قائدین کے حامیوں میںجھڑپ ہوگئی ‘ کئی زخمی ہوئے۔ دونوں گروپس نے ایک دوسرے کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ۔ کانگریس پارٹی میں حیدرآباد اور ضلع رنگاریڈی کے کانگریس قائدین میں سرحد اور حدود کے مسئلہ پر لمبے عرصے سے جھگڑا چل رہا ہے ۔ صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی ناگیندر سارے گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس کے صدر ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ ضلع رنگاریڈی کے کانگریس قائدین انہیں تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ ماضی میں بھی جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر ناگیندر اور ضلع رنگاریڈی قائدین کے درمیان لفظی جھڑپ ہوگئی تھی ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے امکانی انتخابات کے پیش نظر قائدین کی رسہ کشی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کانگریس کی یوم تاسیس کے موقع پر مسٹر ڈی ناگیندر نے گاندھی بھون سے بائیک ریالی کا اہتمام کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اُتم کمار ریڈی ‘ ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک ‘ قائد اپوزیشن اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی ‘ قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے جھنڈی دکھاکر بائیک ریالی کا آغاز کیا ۔ یہ ریالی اُپل پہنچ کر تشد دمیں تبدیل ہوگئی ۔صدر ضلع رنگاریڈی کانگریس کمیٹی مسٹر ملیش نے جس مقام پر پہلے ہی پارٹی پرچم کشائی کی اسی مقام پر مسٹر ڈی ناگیندر نے دوبارہ پرچم کشائی کی جس سے ملیش کے حامی برہم ہوگئے اور انہوں نے ناگیندر اور ان کے حامیوں پر ٹماٹر اور انڈے پھینکیں اور جھڑپ میں دونوں قائدین کے حامی زخمی ہوگئے اور معاملہ پولیس اسٹیشن تک پہنچ گیا ۔ پولیس کو مداخلت کرتے ہوئے ہجوم کو منتشر کرنا پڑا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر ناگیندر نے کہا کہ وہ ضلع رنگاریڈی صدر کانگریس ملیش کی جانب سے پرچم کشائی انجام دینے کے واقعہ سے لاعلم تھے جس کی وجہ سے انہوں نے دوسری مرتبہ پارٹی پرچم کشائی کی ہے ۔ معمولی غلط فہمی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا جس کا وہ اعتراف کرتے ہیں ۔ انہوں نے جھگڑے کو معمولی واقعہ قرار دیا ۔ رنگاریڈی کی سرحد میں زبردستی داخل ہونے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس ہائی کمان نے سرحدوں کا فیصلہ کردیا ہے ۔ صدر ضلع رنگاریڈی کانگریس کمیٹی مسٹر ملیش نے کہاکہ پروٹوکال کے لحاظ سے وہ پارٹی پرچم کشائی انجام دے چکے تھے تاہم میرے حدود میں مسٹر ڈی ناگیندر نے زبردستی داخل ہوتے ہوئے پارٹی پرچم کشائی انجام دی ‘جس کی وہ پارٹی قیادت اور ہائی کمان کو شکایت کریں گے اور حدود کے تنازعہ کو فوری حل کرنے کی نمائندگی کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT