Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس و تلگو دیشم کے نمائندوں کو مواضعات میں داخلہ کی اجازت نہ دیں

کانگریس و تلگو دیشم کے نمائندوں کو مواضعات میں داخلہ کی اجازت نہ دیں

اپوزیشن جماعتیں آبپاشی پراجکٹس پر چراغ پا ، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔/26مئی، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس اور تلگودیشم قائدین کو مواضعات میں داخلہ کی اجازت نہ دیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے والے کانگریس اور تلگودیشم قائدین کو مواضعات میں داخلہ کا کوئی حق نہیں ہے۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر اپوزیشن قائدین کے الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ سابق میں وزراء کی حیثیت سے کام کرنے والے سنیتا لکشما ریڈی، پونالہ لکشمیا اور گیتا ریڈی کو ایک کلورٹ کی تعمیر یا ایک ذخیرہ آب کے تحفظ کا تجربہ نہیں ہے وہ کس طرح تلنگانہ حکومت کے پراجکٹس پر اعتراض کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو یہ بات پسند نہیں کہ پراجکٹس کی تعمیر سے حکومت کی نیک نامی ہوگی اور عوام ٹی آر ایس کے ساتھ وابستہ ہوجائیں گے۔ پونالہ لکشمیا نے اپنے اسمبلی حلقہ میں کسانوں سے زمینات حاصل کرتے ہوئے ایک ایکر کیلئے ایک لاکھ 39ہزار سے زیادہ رقم ادا نہیں کئے جبکہ وہ آج فی ایکر 20 لاکھ روپئے کی ادائیگی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پونالہ لکشمیا کو خود اپنے اس مطالبہ کے بارے میں غور کرنا چاہیئے۔ اقتدار میں ایک پالیسی اور اپوزیشن میں دوسری پالیسی کہاں تک درست ہے۔

TOPPOPULARRECENT