Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس پر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام

کانگریس پر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام

حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ، فاروق حسین کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کا کانگریس پر الزام عائد کیا ۔ پونم پربھاکر کے احتجاج کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش کے 60 سالہ دور حکومت میں جو ترقی نہیں ہوئی ہے وہ علحدہ تلنگانہ ریاست میں صرف تین سال میں ہوئی ہے ۔ بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کے لیے تین اضلاع کا پائلٹ پراجکٹ کے تحت انتخاب کیا گیا ہے ۔ کسان خود آگے بڑھ کر 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کی مخالفت کررہے ہیں ۔ پہلے عام طور پر کسانوں اور عوام کو برقی نہ ملنے کی شکایت ہوا کرتی تھی اب دی جارہی ہے تو بس بس کہہ رہے ہیں ۔ برقی بحران پر قابو پایا گیا اقدام کانگریس کو نظر نہیں آرہا ہے ۔ گھر گھر نلوں سے پانی سربراہ کرنے کے لیے شروع کی گئی مشن بھاگیرتا اسکیم کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے اقامتی اسکولس کا قیام ، 40 لاکھ افراد کو دئیے جانے والے وظیفے ، بڑے پیمانے پر برقی کی پیداوار کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات ، شہروں کے طرز پر دیہی علاقوں کی ترقی ، قومی شاہروں میں دوگنا اضافہ ، عام سڑکوں کی ترقی کے علاوہ دوسرے اقدامات اپوزیشن بالخصوص کانگریس کو نظر نہیں آرہے ہیں ۔ حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ آئندہ 15 سال تک ریاست میں ٹی آر ایس حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ ریاست کے ہر الیکشن میں ضمانت بچانے میں ناکام ہونے والی کانگریس 2019 میں اقتدار حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ جو کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ ٹی آر ایس میں تمام قائدین آل راونڈرس ہیں جب کہ کانگریس میں قیادت کا فقدان ہے ۔ 12 قائدین چیف منسٹر کے دعویدار ہیں جو اپنی کامیابی کے لیے اپنے ہی پارٹی کے دوسرے قائدین کو شکست دینے کے لیے گروپ بندیاں تیار کرتے ہیں ۔ ٹی آر ایس چمپئن ہے اور چمپئن رہے گی ہاں البتہ دوسرے و تیسرے مقام کے لیے کانگریس و بی جے پی سے مقابلہ ہوسکتا ہے ۔ ٹی آر ایس کا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT