Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس چھوڑ جانے والوں کو دوبارہ نہیں لیا جائے گا

کانگریس چھوڑ جانے والوں کو دوبارہ نہیں لیا جائے گا

ریاست تلنگانہ میں پارٹی کی ساکھ کو بہتر بنانے مضبوط اقدامات ، ڈگ وجئے سنگھ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے تلنگانہ میں کانگریس کے ڈیامیج کنٹرول کا آغاز کرتے ہوئے مخالف پارٹی سرگرمیوں میں شامل رہنے والوں کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کو دوبارہ پارٹی میں شامل نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کا آج گاندھی بھون میں پہلا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس کی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے صدارت کی ۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ دیگر مہمانوں میں کے راجو ، آر سی کنٹیا ، قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر کانگریس کے رکن راجیہ سبھا مسٹر ایم اے خاں نائب صدر تلنگانہ پردیش کانرگیس کمیٹی مسٹر عابد رسول خاں جنرل سکریٹریز مسٹر ایس کے افضل الدین ، مسٹر محمد مقصود احمد ، مسٹر سید عظمت اللہ حسینی ، عظمی شاکر ، مستقل مدعوین مسرس جابر پٹیل ، عتیق صدیقی کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اجلاس میں تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ قائدین نے پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے تجاویز پیش کئے ۔ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے پارٹی میں ڈسپلن کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائدین آپس میں اتحاد پیدا کرتے ہوئے مرکزی و تلنگانہ حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف متحدہ طور پر جدوجہد کریں ۔ ٹاون ، منڈل ضلع سطح پر کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں کے لیے تربیتی کیمپس کا اہتمام کریں ۔ عوام کے ساتھ رہتے ہوئے اعتماد بحال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی جماعت ہے ۔ چند قائدین کے پارٹی چھوڑ دینے سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا ۔ پارٹی میں قائدین کو ابھارتے ہوئے پارٹی قائدین کی مستعفی ہونے سے جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کی پابجائی کریں ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ پارٹی میں رہ کر پارٹی کو نقصان پہونچانے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور جو قائدین پارٹی چھوڑ کر گئے ہیں انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر جی ویویک نے انہیں عاملہ اور رابطہ کمیٹی میں شامل کرنے پر پارٹی ہائی کمان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عاملہ میں دوسرے قائدین کو موقع فراہم کرنے کے لیے وہ اپنے عہد سے دستبردار ہورہے ہیں تاہم رابطہ کمیٹی میں شامل رہتے ہوئے پارٹی کے لیے خدمات انجام دیں گے ۔ ڈگ وجئے سنگھ اور اتم کمار ریڈی نے اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر غور کرتے ہوئے کمیٹی میں مزید قائدین کو شامل کرنے کی حکمت عملی تیار کریں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT