Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / کانگریس کا جائزہ اجلاس فوری طلب کیا جائے

کانگریس کا جائزہ اجلاس فوری طلب کیا جائے

رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کا صدر پی سی سی تلنگانہ اتم کمار و جانا ریڈی کو مکتوبات
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی اور قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے 18 یا 19 اپریل کو جائزہ اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ پارٹی کیڈر میں پائی جانے والی بے چینی پر غور کیا جاسکے ۔ باوثوق ذرائع کے بموجب ہنمنت راؤ نے مکتھل کے کانگریس رکن اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا اپنے مکتوب میں حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گریٹر حیدرآباد ، گریٹر ورنگل گریٹر کھمم ، نارائن کھیڑ ضمنی انتخابات ، سدی پیٹ بلدی انتخابات ایک بعد دیگر تمام متواتر انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد جائزہ لینے کے لیے ایک بھی اجلاس طلب نہیں کیا گیا ہے ۔ جس سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے پست ہوئے ہیں ۔ پارٹی ارکان اسمبلی کے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے انہیں روکنے اور پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش بھرنے کے لیے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنا ضروری ہے کیوں کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کی حیدرآباد آمد کے دوسرے ہی دن کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ لہذا وہ پارٹی ذمہ داروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 18 یا 19 کو پارٹی کا جائزہ اجلاس طلب کریں ۔ دہلی سے بھی پارٹی کے سینئیر قائدین کو جائزہ اجلاس میں مدعو کریں اگر وہ مصروف ہیں تو ہم ہی جائزہ اجلاس طلب کریں گے ۔ کسی بھی صورت میں اجلاس طلب کرنا پارٹی کے مفاد میں ضروری ہے ۔ وہ امید کرتے ہیں کیپٹن اتم کمار ریڈی اور کے جانا ریڈی اجلاس طلب کریں گے ۔ پارٹی قائدین کی رائے حاصل کرنا اور پارٹی کو مستحکم کرنے کے لیے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT